
یہ سال اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے اور کل نئے سال 2022 کا آغاز ہوگا۔ پچھلے سال کی نسبت اس بار بھی سوشل میڈیا پرکئی ویڈیوز وائرل ہوئیں جنہوں نے کئی عام لوگوں کو رات و رات اسٹار بنادیا تو کچھ لوگوں کی اصلیت بھی بے نقاب ہوئیں۔ یہاں پر ہم سال 2021 میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور میمز کا جائزہ پیش کریں گے جنہوں نے پورا سال شائقین کو محظوظ کیے رکھا۔

‘پاوری گرل’ کی شہرت نا صرف پاکستان بلکہ دنیا کے کئی ممالک میں ہوئی ، پاکستانی انسٹاگرام صارف دنانیر مبین کا ایک مختصر ویڈیو کلپ وائرل ہوا جس میں وہ کہتی سنائی دیتی ہیں کہ ‘یہ ہم ہیں، یہ ہماری کار ہے اور یہ ہماری پاوری ہورہی ہے’۔ اس ویڈیو کلپ کو مختلف انداز میں نئے سرے سے بنائے جانے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ اس سے قبل دنانیر مبین کو کوئی جانتا تک نہیں تھا لیکن اس ویڈیو کی بدولت وہ آج پاکستان شوبز کا حصہ بن چکی ہیں۔

حکمراں جماعت تحریک انصاف کے رکن اسمبلی اور ٹیلی ویژن میزبان عامر لیاقت حسین نے قومی ایتھلیٹ نسیم حمید کے ساتھ ایک ٹی وی پروگرام کے سیٹ پر دوڑ لگائی، لیکن تیزی سے دوڑتے ہوئے عامر لیاقت زور سے گر گئے، یہ منظر پاکستانی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوا۔ ایک اور موقع پر پروگرام کے دوران عامر لیاقت نے ‘ناگن ڈانس’ کیا تو اس کے بھی کافی چر چے ہوئے۔
اسلام آباد کے ایک ریسٹورانٹ کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں خاتون مالک اپنی ایک دوست کے ساتھ مینیجر سے انگلش میں گفتگو کرتی اور اس کی انگلش کی غلطیاں نکالتی دکھائی دیتی ہیں، یہ ویڈیو سامنے آئی تو سوشل میڈیا صارفین نے خاتون مالکن کے خلاف سخت رد عمل کا اظہار کیا اور یہ ویڈیو پاکستان بھر میں وائرل ہوگئی۔ اگرچہ بعد میں ریسٹورانٹ کی جانب سے معاملے کی خاصی وضاحت کی گئی تاہم دونوں خواتین کی مینیجر سے گفتگو کی ویڈیو اور اس کے اسکرین شاٹس خاصا عرصہ ٹائم لائنز پر زیر گردش رہے۔

اس سال ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستانی ٹیم نے انڈین سائیڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دی تو میچ کے اختتام پر انڈین کپتان ورات کوہلی کی پاکستانی کپتان بابراعظم اور بلےباز محمد رضوان کے ساتھ ایک تصویر بھی خاصی وائرل رہی۔ اس تصویر میں انڈین کپتان میچ میں کامیابی پر پاکستان کی اوپننگ جوڑی کو سراہتے دکھائی دئیے۔

اسی طرح پاکستان تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان کی جاوید چوہدری کے پروگرام میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندو خیل کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو کے بھی خوب چرچے رہے۔

مارننگ شو کی میزبان ندا یاسر کی فارمولا ون کار والی وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا پر خوب دھوم مچائی۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد نہ صرف لوگوں نے ندا یاسر کی کم علمی کا مذاق اڑایا بلکہ ان پر بے تحاشہ میمز بھی بنائی گئیں۔ ندا یاسر کی اس گفتگو پر تبصرہ کرنے والوں کا موقف تھا کہ انہیں معاملے پر گفتگو سے قبل تحقیق کر لینی چاہیے تھی۔ ندا یاسر کے شوہر اداکار یاسر نواز نے اس انٹرویو کا ری میک کلپ بنایا تو وہ بھی خوب وائرل ہوا۔

رواں سال پاکستانی ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کی مینار پاکستان والی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا، اس ویڈیو میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ مینار پاکستان پر تقریباً 400 آدمیوں نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی تاہم بعد میں انکشاف ہوا کہ عائشہ اکرم نے یہ سارا ڈراما صرف مشہور ہونے کے لیے کیا تھا۔
0 Comments