
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات منتقل کرنے پر غور۔ گورننگ باڈی کے مطابق اس کا حتمی فیصلہ کورونا وائرس کے حوالے سے قائم کمیٹی کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق رواں برس پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا انعقاد فروری اور مارچ کے مہینے میں ہوا، تاہم ٹورنامنٹ محض 14 میچز کے بعد ہی ملتوی کردیا تھا، کیونکہ پی ایس ایل سے منسلک 7 افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آئے تھے، جن 6 کھلاڑی بھی شامل تھے۔

گزشتہ ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی گورننگ باڈی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ پی ایس ایل سیزن 6 کے بقیہ میچز 1 جون سے کرائے جائیں گے، اس سلسلے سے تمام بیس میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونا تھے۔ جبکہ ایونٹ کا۔فائنل 20 جون کو ہونا تھا۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اب فیصلہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن (این سی او سی) سینٹر کو لینا ہے، اگر این سی او سی فیصلہ کرتی ہے کہ لیگ کا دوبارہ انعقاد کی اجازت دیتی ہے تو ہم پھر کراچی کو بائیو سکیور کریں گے اور پھر تمام میچز وہیں ہونگے، البتہ اگر این سی او سی کی جانب سے پی سی بی کراچی میں انعقاد کی اجازت نہیں دی جاتی تو پھر ہم تمام فرنچائزز سے بقیہ میچز یو اے ای میں منعقد کرانے کے لئے بات چیت کریں گے۔
واضح رہے رواں برس جب اچانک کورونا وائرس کے پھیلاؤ خطرے کے پیش نظر، جب پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کو اچانک ملتوی کیا گیا تھا، تو عوام کی جانب سے ناصرف افسردگی کا اظہار کیا گیا تھا بلکہ کرکٹ شائقین نے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی، کپتان وہاب ریاض اور کوچ ڈرین سیمی کو پی ایس ایل ملتوی ہونے کا ذمہ دار بھی قرار دیا تھا، کیونکہ ان کے حوالے خبرے زیر گردش تھیں کہ ان کی طرف سے بائیو سکیور ببل کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

بین الاقوامی کھیلوں کی ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے، پاکستان سپر لیگ کی تمام فرنچائزز نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے ایونٹ کو دبئی منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔ گزشتہ برس بھارت کی جانب سے بھی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا انعقاد متحدہ عرب امارات میں ہی کروایا گیا تھا۔
خیال رہے بھارت میں ان دنوں کورونا وائرس کے باعث انتہائی بدترین حالات ہیں، اسپتالوں میں جگہ ختم ہوچکی ہے، آکسیجن کی قلت پڑھ چکی ہے، روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں افراد کورونا وائرس کا شکار ہورہے ہیں، جبکہ روزانہ کئی ہزار اموات بھی ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں بھارت کی جانب سے ملک میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو بھی دوران ایونٹ ملتوی کردیا گیا ہے۔
0 Comments