کراچی آنیوالی 2 مسافر بسیں خوفناک حادثے کا شکار، 28 افراد جاں بحق 26 زخمی ہوگئے


0

لاہور اور سوات سے کراچی آنے والی 2 مسافر بسیں حادثے کا شکار ہوگئیں۔ بسوں کو پیش آنے والے ان علیحدہ علیحدہ حادثات میں کُل 28 افراد ہلاک اور 26 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پہلے حادثے میں ملتان-سکھر موٹروے (ایم-5) پر ایک مسافر بس کے آئل ٹینکر سے تصادم کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ ملتان کے ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے بیان میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے پر جلال پور پیر والا انٹر چینج پر لاہور سے کراچی جانے والی مسافر بس ایک آئل ٹینکر سے عقب سے جاٹکرائی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور 20 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

Image Source: File

کمشنر ملتان عامر خٹک نے بھی ایک ٹوئٹ میں اس واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ حادثہ صبح 4 بجے کے قریب پیش آیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے حادثے کے زخمیوں کی بھرپور کفالت کی ہدایت کی ہے جبکہ جاں بحق مسافروں کی شناخت اور ان کے لواحقین کی تلاش شروع کردی گئی ہے، لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔

اس واقعے کے بارے میں ریسکیو حکام نے بتایا کہ تصادم کے نتیجے میں بس اور آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی تھی، ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے حادثے کے زخمیوں کی بھرپور کفالت کی ہدایت کی ہے جبکہ جاں بحق مسافروں کی شناخت اور ان کے لواحقین کی تلاش شروع کردی گئی ہے، لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔

دریں اثنا، ایک اور حادثے میں روہڑی کےقریب تیز رفتار کوچ الٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔موٹروے پر پیالہ ہوٹل کے قریب واقع انٹر چینج کے مقام پر سوات سے کراچی کی جانب جانے والی ایک تیزر رفتار مسافر کوچ موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور کے قابو سے نکل کر الٹ گئی اور کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں کوچ مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ ایدھی سینٹر سکھر کے انچارج عرس مگسی اور گل مہر کے مطابق حادثے میں کوچ میں سوار 4 خواتین اور 2 بچوں سمیت 8 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

ان حادثات پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایم- 5 موٹروے پر حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔صدر مملکت نے جاں بحق افراد کے لیے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لیے صبر اور زخمیوں کی صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔صدر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ صدر کی جانب سے جاری ہدایات میں مزید کہا گیا کہ ’ایسے حادثات سے بچنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جانے چاہئیں، حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد اور ٹریفک قوانین کی پاسداری ایسے حادثات سے بچنے کے لیے انتہائی اہم ہے‘۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’جلال پور پیر والا انٹر چینج پر ہونے والا آئل ٹینکر کا حادثہ نہایت ہی افسوناک ہے، حادثے میں 20 قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھی اور رنجیدہ ہوں‘۔

اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ’میری دعائیں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے’۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں میں بلوچستان میں کوئٹہ کے نواحی علاقے قمبرانی روڈ پر آئل ٹینکر میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس میں پیٹرول پمپ پر کھڑے آئل ٹینکر میں اچانک آگ لگ گئی تھی۔تاہم ڈرائیور نے حاضر دماغی سے کام لیا اور آئل ٹینکر آبادی سے دور لے گیا جس سے علاقے مکین تباہی سے بچ گئے ۔اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی جس پر حکومت نے ڈرائیور کے جذبہ انسانیت کا اعتراف کرتے ہوئے ڈرائیور کو تمغۂ شجاعت کے لئے نامزد کردیا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *