
جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی اور پاک فوج کے چار جوانوں کو شہید کر دیا ۔ پاک فوج کے میڈیا امور کے ونگ کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی رات کو مکین میں پیش آیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں نے فوری طور پر دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر نے شہید اہلکاروں کے بارے میں بیان میں بھی یہ بتایا ہے کہ “فائرنگ کے تبادلے کے دوران چار فوجیوں نے شہادت قبول کی۔”

اس واقعے میں پاک فوج کے شہید ہونے والے اہلکاروں میں لانس نائیک عمران علی ،سپاہی عاطف جہانگیر ، سپاہی انیس الرحمن اور سپاہی عزیز شامل ہیں۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے فوجی جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہید اہلکاروں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اس افسوناک واقعے پر شہید اہلکاروں کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔
واضح رہے کہ اس ماہ کے شروع میں قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے میر علی کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔ جب کہ گذشتہ سال شمالی وزیرستان میں سڑک کے کنارے نصب بارودی مواد (IED) کے دھماکے کے نتیجے میں تین فوجی شہید اور چار زخمی ہوگئے تھے۔
0 Comments