سال 2023 کو پاکستان کرکٹ میں جہاں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی، تنازعات، ٹیم منیجمنٹ میں اکھاڑ پچھاڑ اور مجموعی وانفرادی ریکارڈز کے پیمانے میں ناپا جائے گا وہیں یہ سال ٹیم میں شادیوں کے سیزن کے طور پر بھی یاد رکھا جائے گا جس میں ایک دو نہیں بلکہ 6 قومی کرکٹرز نے سر پر سہرا سجایا یعنی آدھی ٹیم کنواروں کی فہرست سے نکل کر شادی شدہ کی فہرست میں شامل ہوگئی۔
رواں سال شادی کرنے والے کھلاڑیوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق نائب کپتان شاداب خان کے علاوہ موجودہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی بھی شامل ہیں۔
درجہ ذیل کھلاڑی 2023 میں شادی کے بندھن میں بندھے ہیں۔ان کی تفصیل یہ ہے۔
ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کے بعد تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے دستبردار ہونے والے بابراعظم کے بعد ٹیسٹ قیادت حاصل کرنے والے شان مسعود نے پشاور سے تعلق رکھنے والی نش خان سے 21 جنوری 2023 کو نکاح کیا جس کی تصاویر اور ویڈیوز خوب وائرل ہوئی تھیں۔
اپنی اہلیہ سے متعلق کرکٹر نے بتایا تھا ان کی ہونے والی شریک سفر کا تعلق پشاور سے ہے اور ان کے نش خان سے چند سال سے تعلقات تھے۔
شان مسعود کا اپنی اہلیہ سے متعلق کہنا تھا کہ وہ پہلی بار نش خان سے لاہور میں ملے تھے اور بعد ازاں وہ دوست بن گئے اور یہ دوستی شادی میں بدل گئی۔
ان کی دعوت ولیمہ کراچی کے ایک معروف ہوٹل میں ہوئی جس میں قومی کرکٹرز سمیت پی سی بی حکام اور دیگر اعلیٰ شخصیات سے شرکت کی۔
قومی ٹیم کے سابق نائب کپتان اور آل راؤنڈر شاداب خان نے 24 جنوری 2023 کو سابق لیجنڈری اسپنر ثقلین مشتاق کی بیٹی سے نکاح کیا تھا۔ نکاح کی تقریب سے لے کر شادی کی تقریب بھی نجی رکھی گئی تھی جس میں ان کی اہلیہ سے متعلق کسی قسم کی معلومات یا تصاویر شیئر نہیں کی گئی تھی۔
تاہم شاداب خان نے سوشل میڈیا پر اپنے نکاح کی ایک تصویر شئیر کرکے اس خبر سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا تھا۔۔
سات جولائی 2023 کو پاکستانی کرکٹر حارث رؤف اور ماڈل مزنا مسعود شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔حارث رؤف نے پاکستانی فیشن ماڈل اور ٹک ٹاک اسٹار مزنہ مسعود ملک سے شادی کی۔ مزنہ کافی عرصے سے فیشن اور بیوٹی انڈسٹری میں کام کر رہی ہیں لیکن شادی کے بعد انہوں نے اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو پرائیویٹ کر لیا ہے۔
حارث رؤف کی مہندی کی تقریب میں ہیوی بائیک اور گھوڑے پر انٹری، قوالی نائٹ اور شادی کے بعد اہلیہ کے ہمراہ خوبصورت فوٹو شوٹ سب کو بھایا اور سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
بابراعظم کے استعفیٰ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی قیادت سونپی۔ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے سابق اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا آفریدی سے شادی کی ۔ جس کی تقریب 19 ستمبر کو کراچی میں منعقد ہوئی تھی۔ دونوں کا نکاح فروری 2023 میں ہوا تھا۔
ان کی شادی کی تقریبات کئی روز تک چلتی رہیں۔ مہندی سے ولیمے تک داماد اور سسر دونوں کے پرستاروں سمیت عام افراد نے بھی اس شادی کے بارے میں دلچسپی سے ہر خبر پر اپنی توجہ مرکوز رکھی۔
امام الحق جن کے لیے بطور کھلاڑی یہ سال کچھ خاص نہ رہا انہوں نے بھی سال کے اختتام پر دورہ آسٹریلیا سے قبل شادی کر کے اس سال کو اپنے لیے خاص الخاص بنا لیا۔
رواں سال کے آخر میں 26 نومبر 2023 میں اوپنر بلے باز امام الحق اپنی قریبی دوست انمول محمود کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔
امام الحق نے انسٹاگرام پر نکاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انمول محمود کو جیون ساتھی ہونے کے ساتھ بہترین دوست قرار دیا تھا۔
اس شادی میں قومی کرکٹرز نے پرجوش انداز میں شرکت کی جب کہ دلہا دلہن کے فوٹو شوٹ نے وائرل ہو کر دھوم مچا دی۔
امام الحق کی شادی کے دنوں میں ہی پنجاب کے شہر پھول نگر میں آل راؤنڈر فہیم اشرف نے بھی شادی کرلی تھی۔ فہیم اشرف کی شادی نارووال کے رانا شبیر کی صاحبزادی سے ہوئی تھی۔
کراچی،14 اپریل 2025: پاکستان میں نفسیاتی تجزیاتی سوچ کو فروغ دینے کی ایک پرعزم کوشش…
سوئی سدرن گیس لمیٹڈ کمپنی نے رمضان المبارک میں گھریلو صارفین کیلیے گیس کی لوڈشیڈنگ…
کراچی سمیت سندھ بھر میں اس سال نویں اور دسویں جماعت کا شیڈول تبدیل کر…
فروری سال کا وہ مہینہ ہے جو محض 28 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے اور…
پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے چیمپئنز ٹرافی کے اگلے راؤنڈ تک جانے کا سفر مشکل ہوچکا…