
شوبز انڈسٹری میں بہت کم فنکار ایسے ہیں جو موسیقی، فیشن، کمپیئرنگ، ماڈلنگ اور اداکاری کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا جادو جگا رہے ہیں انہی فنکاروں میں ایک نام کومل رضوی کا بھی ہے۔
حال ہی میں کومل رضوی نے ویب چینل کے مشہور پروگرام ٹو بی اونیسٹ ود طابش ہاشمی ( ٹی بی ایش) میں شرکت کی۔ اس انٹرویو میں انہوں نے ایک سوال کے جواب بتایا کہ جب وہ کسی پراجیکٹ کے سلسلے میں بھارت گئیں تو بھارتی اداکار سیف علی خان کے حوالے سے ان کے بارے میں بہت سی افواہیں پھیلائی گئیں، جن میں سے ایک افواہ سیف علی خان کی طرف سے ان کو ایک فلیٹ خرید کردینے کی تھی۔

اس بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ آج تک سیف علی خان سے نہیں ملی اور نہ ہی ان کا کبھی انٹرویو کیا ہے۔سیف علی خان سے اسکینڈل کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کومل رضوی کا کہنا تھا کہ کاش اس بات میں تھوڑی سی بھی سچائی ہوتی ، میں تو ان سے شادی کرنا پسند کرتیں۔
انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ بالی وڈ کے بہت سے اداکاران کے دوست ہیں لیکن سیف علی خان کے ساتھ نہ تو ملاقات ہوئی نہ ہی وہ ان کے دوست ہیں۔ کومل رضوی نے مزید کہا کہ میں نے سلمان خان کا انٹرویو لیا ہے اس کے علاوہ میں نے کرینہ کپور، رانی مکھرجی، پریتی زینٹا ،گووندا اور امیتابھ بچن کے ساتھ ملاقات بھی کی ہے لیکن آج تک سیف علی خان سے نہیں ملیں۔

خیال رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری میں کومل رضوی کا شمار ایسے فن کاروں میں کیا جاتا ہے، جنہوں نے شوبز کی مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ پاکستان ٹیلی ویژن کی سپرہٹ ڈراما سیریل ’’ہوائیں‘‘ میں کومل رضوی نے کم عمری میں ایسا کردار ادا کیا کہ ناظرین کے دل جیت لیے۔ بعدازاں انہوں نے کمپیئرنگ، موسیقی اور گلوکاری کے شعبے میں خود کو منوایا۔ گائیکی کی دنیا میں ایک گانا ’’بائو جی بائو جی‘‘ ان کی پہچان بنا۔ 1983 میں بالی وڈ کی سپرہٹ فلم ’’ہیرو‘‘ کا گانا ’’لمبی جدائی‘‘ جسے پاکستانی فوک گائیکہ ریشماں نے گایا تھا، یہ گانا کومل رضوی نے کوک اسٹوڈیو کے سیزن تھری میں گایا تو سامعین نے ان کے نئے انداز کو بے حد سراہا۔
تاہم شادی کے بعد کومل رضوی نے انڈسٹری کو خیر آباد کہہ دیا تھا اور چار سال بعد انڈسٹری میں واپس آئیں اور نجی ٹی وی چینل کے شو میں شرکت کی ۔ جس میں انہوں نے اپنی ناکام ازوداجی زندگی سے متعلق کھل کر گفتگو کی اور بتایا کہ وہ شادی کے بعد جب عمان میں تھیں تو انہیں شوہر کے سلوک کی وجہ سے کئی مرتبہ بھوکا سونا پڑا کیوں کہ شوہر پیسے نہیں دیتا تھا، گلوکارہ نے مزید بتایا کہ اس دوران کبھی ٹیوشن پڑھا کر اور کبھی کھانا سپلائی کر کے انہوں نے پیسے کمائے۔
0 Comments