خاتم النبیین محمد مصطفی ؐ کی ولادت کا جشن مذہبی جوش وجذبے کیساتھ منایا جارہا ہے


0

آج پورے ملک میں سرور کونین ، سرکار دو عالم حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ولادت باسعادت کا دن پوری عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر اسلام آباد ،لاہور،کراچی، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت شہر کے چھوٹے بڑے شہروں میں جشن کا سماں ہے۔ شہروں میں گلیاں اور بازار بھی سج گئے ہیں اور شہری اپنے گھروں کو سجاکر حضور پاکؐ سے محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

آج دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ پاک آرمی کے دستے نے فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ مساجد ، سرکاری عمارتوں، مارکیٹوں اور اہم عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ  خانہ کعبہ اور مدینہ منورہ کے ماڈل بھی  تیار کئے گئے  ہیں۔ ملک بھر میں جلوس اور نعتیہ محافل کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔ بلوچستان کے ماہی گیروں نے ڈام کے کھلے سمندر میں کشتی ریلی کا انعقاد کیا ۔ عاشقان رسولؐ نے یارسول اللہ کے نعرے لگائے۔

Image Source: File

حیدرآباد میں اونٹ گاڑی پر بچوں کے جلوس نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔ ملک کے مختلف شہروں میں 12 ربیع الاول کے چھوٹے بڑے جلوس نکالنے کی تیاریاں بھی مکمل ہیں، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی کے علاوہ جلوسوں کی سیکورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لئے کراچی، لاہور، کوئٹہ میں جلوسوں کے روٹ پرموبائل فون سروس بند رہے گی۔

Image Source: File

دوسری جانب، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بارہ ربیع الاول کو رحمت اللعالمین خاتم النبیین حضرت محمد ؐ کی آمد سعید کے بابرکت موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہم معاشرے، قوم اور ملک میں امن ،چین ،سکھ، دوسروں کی خیر خواہی، صدق و وفا، امانت ، دیانت اور ترقی چاہتے ہیں تو حضور ؐ کی مبارک تعلیمات کو زندگی کے ہر شعبے میں مشعلِ راہ بنانا ہوگا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بارہ ربیع الاول موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ 12 ربیع الاول سرکارِ دوعالم، رحمت اللعالمین خاتم النبیین حضرت محمد ؐ کی آمد سعیدکے بابرکت موقع پر میں پاکستانی قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حضورؐ کی تشریف آوری انسانیت کے دکھوں کے مداوا کی نوید ہے،مدتوں سے انسانیت آپ کی جلوہ گری کی منتظر تھی۔

جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حضور نبی کریم ؐ کی سیرت مقدسہ تمام انبیا ؑو رسل کی خوبیوں کا جامع ہے، حضور ؐ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بناکر بھیجا، آپؐ کی تشریف آوری سے دکھیوں کو چین ملا، بے سہاروں کو سہارا ملا۔

مزید برآں ، امت ِمسلمہ کے لیے ربیع الاول کا پورا مہینہ ہی خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس ماہِ مبارک میں اللہ تعالیٰ نے حضورِانور سرورِ کونین حضرت محمدؐ کو دنیا کو اندھیروں سے نکالنے کے لئے بھیجا گیا۔ پیغمبر اکرم ﷺپوری دنیا کے لئے نمونہ بن کر آئے، وہ ہر شعبے میں اوجِ کمال پر فائز ہیں، ان جیسا کوئی تھا اور نہ ہی آئندہ آئے گا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *