
تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کا ابھی بھی پاکستانیوں سے احساس کا گہرا رشتہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عمران خان سے علیحدگی اختیار کرنے کے اتنے سال بعد بھی وہ مختلف موقوں پر پاکستانیوں کے لیے ٹوئٹر پر پیغامات جاری کرتی رہتی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ جمائما ابھی پاکستان سے جڑی یادوں کونہیں بھولیں۔پاکستانی قوم بھی ان کی اس خوبی کی وجہ سے ناصرف ان کو بہت پسند کرتی ہے اور بلکہ ان کی عزت بھی کرتی ہے۔
حال ہی میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ شیئر ہوئی جس میں جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنے پسندیدہ ملی نغمے کے بارے میں بتاکر سب کو حیران کردیا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دئیے گئے انٹرویو میں جب جمائما سے پوچھا گیا کہ اردو میں کچھ کہیں،تو انہوں نے ’پاکستان زندہ باد‘ کہا۔ تاہم جب میزبان نے اردو میں گانا گانے کی فرمائش کی تو انہوں نے کہا کہ انہیں گانے سے زیادہ اپنی اردو کی فکر رہتی ہے۔جس پر میزبان نے پوچھا کہ وہ کون کون سے نغمے تھے اور گا کر سنائیں۔

جمائما گولڈ اسمتھ لمحہ بھر کو مسکراتی ہیں اور پھر اپنی گلابی اردو میں مشہور نغمہ گانا شروع کر دیتی ہیں۔ ’آؤ بچو سیر کرائیں تم کو پاکستان کی، جس کی خاطر ہم نے دی قربانی لاکھوں جان کی‘ پاکستان زندہ باد، پاکستان زندہ باد‘، ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ نغمہ اس وقت سنا تھا جب وہ پاکستان میں تھیں۔

اس موقع پر جمائما کا کہنا تھا کہ میں اپنے بچوں کے ساتھ اردو میں ملی نغمے گایا کرتی تھی۔سوشل میڈیا پر جمائما کی پاکستانی ملی نغمہ گانے کی ویڈیو مقبول ہوگئی اور سوشل میڈیا صارفین نے ملی نغمہ گانے پر ان کی خوب تعریفیں کیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ٹورنٹو میں ہونے والے بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں جمائما گولڈ اسمتھ کی فلم ‘واٹس لَو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ کا پریمیئر شو ہوا۔جمائما گولڈ اسمتھ نے اس موقع پر بھی اپنی فلم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم پاکستانی عوام اور اس کی ثقافت سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک عرصے تک میں اور میرے بیٹے پاکستان میں رہے ہیں اور ہم آدھے پاکستانی ہیں۔جمائما کا کہنا تھا کہ اس دوران میں نے جو پاکستان میں دیکھا میں اس سے متاثر ہوئی اور پاکستان کی ثقافت کافی دلچسپ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس فلم سے حاصل ہونے والی رقم میں پاکستان کے سیلاب زدہ لوگوں کے لیے عطیہ کروں گی۔
سابق کرکٹر عمران خان اور سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کے درمیان بچوں کی وجہ سے اچھے تعلقات ہیں۔جمائما نے سابقہ اہلیہ ہونے کے باوجود عمران خان کی دوسری اور تیسری شادی پر انہیں مبارکباد پیش کی تھی۔جمائما نے عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارک باد پیش کی تھی جب کہ دیگر کامیابیوں پر بھی وہ ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی رہی ہیں اور اکثر ان کے اچھے اقدامات اور فیصلوں کو سراہتے ہوئے بھی نظر آتی ہیں۔
مزید برآں، 47 سالہ جمائما گولڈ اسمتھ ایک برطانوی شہری ہیں جنہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ 1995 میں شادی کی تھی۔عمران خان اور جمائما کی یہ شادی 2004 تک برقرار رہی، جس کا اختتام طلاق کی صورت میں ہوا تھا۔ علیحدگی کے بعد جمائما گولڈ اسمتھ برطانیہ واپس چلی گئیں اور اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ وہیں رہائش پذیر ہیں۔جمائما سےطلاق کے بعد عمران خان نے 2015 میں ٹی وی میزبان اور صحافی ریحام خان سے شادی کی جو کہ 10 ماہ کے اندر طلاق پر ختم ہوگئی۔اس کے بعد عمران خان نے تیسری شادی بشریٰ بی بی سے فروری 2018 میں وزیر اعظم بننے سے چند ماہ قبل کی تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور جمائما گولڈ اسمتھ کے 2 بیٹے ہیں، جن میں سے ایک سلیمان عیسٰی خان 1996 میں پیدا ہوئے جبکہ دوسرے بیٹے قاسم خان 1999 میں پیدا ہوئے۔ اب سلیمان کی عمر 24 جب کہ قاسم کی عمر 22 سال ہے اور ماں کی طرح ان دونوں کا بھی پاکستان سے گہرا تعلق ہے۔
0 Comments