عید قربان گوشت کو کیسے محفوظ کریں


0

عید الاضحی کے موقعے پر ہر گھر میں گوشت کی فروانی ہوتی ہے اسے دیکھ کر نہیں بلکہ قربانی سے قبل ہی خواتین کو یہ فکر لاحق ہوجاتی ہے کہ گوشت کو محفوظ کیسے کیا جائے۔

How To Freeze Qurbani Meat

 عید سے قبل ہم آپ کی یہ پریشانی دور کر دیتے ہیں۔ ذیل میں آپ کو کچھ طریقے بتا رہے ہیں، ان پر عمل کر کے آپ گوشت کو باآسانی کئی دنوں تک محفوظ کرسکتی ہیں۔

گوشت کو محفوظ بنانے کے لیے مختلف گھریلو ٹوٹکے استعمال کیے جاتے ہیں جبکہ جدید دور میں اسے محفوظ بنانے کے لیے فریج کو نہایت اہمیت حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ عیدقرباں سے قبل اس کی خرید و فروخت میں اضافہ بھی ہوجاتا ہے۔

How To Freeze Qurbani Meat

عید سے دو یاتین دن قبل اپنے فریج اور فریزر کی صفائی کرلیں، فالتو اشیا کو ہٹا دیں، فریزر کی کی صفائی کرتے ہوئے اس پر المونیم یا باریک پلاسٹک بچھا دیں تا کہ گوشت کے پیکٹس فریزر کی سطح پر نہ چپک سکیں اور فریزر کی دیواروں پر گلیسرین لگادیں اس سے جمی برف نکالنے میں آسانی ہوگی۔

اس کے علاوہ فریزر میں بھی گوشت کی بدبو دور کرنے کےلیے ایک کوئلے کا ٹکڑا فریزر میں رکھ دیں تاکہ فریزر میں سے ہر قسم کی بو کا خاتمہ ہوجائے۔

قربانی کے گوشت کو فریزر اور فریج میں رکھنے میں تاخیر نہ کریں، فریج سے باہر دو گھنٹے تک گوشت کو چھوڑے رکھنے پر بیکٹریا کا حملہ ہوسکتا ہے، اس سے گوشت خراب ہوسکتا ہے۔

          قربانی کا گوشت فریز کرنے سے قبل اسے دھونے سے گریز کریں کیونکہ گوشت پر پانی لگنے کے بعد اسے رکھا جائے تو اس میں بیکٹریا پیدا ہوجاتا ہے جو گوشت کو خراب کردیتا ہے۔

فریزر میں رکھنے سے قبل گوشت کے پیکج بنانے ضروری ہے یعنی سب سے پہلے تو ضروری ہے کہ گوشت ہوا سے بچے۔یعنی پلاسٹک بیگ اور المونیم فوائل (جو فریزر کے لیے ڈیزائن ہو) کا استعمال کریں۔اگر ایسا ممکن نہ ہو تو ائیر ٹائٹ برتنوں کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے یعنی پلاسٹک یا فریزر کے لیے محفوظ جار یا کین وغیرہ۔جتنا ہوسکے ہڈیوں کو نکال دیں کیونکہ فریزر میں ہڈیاں زیادہ جگہ گھیرتی ہیں جس سے فریزر کو کام بھی زیادہ کرنا پڑتا ہے۔گوشت کے سلائیس کے درمیان فریزر پیپر یا ریپ کو رکھیں تاکہ وہ علیحدہ رہیں، جس سے انہیں پکانے کے لیے استعمال کرنے میں آسانی ہو۔

 گوشت فریج میں رکھنے سے قبل صاف ستھری تھیلیوں میں اچھی طرح پیک کرکے رکھیں اور پیکٹ بند کرنے سے قبل حتی الامکان اس کی ہوا نکال دیں اور پھر فریزر میں رکھیں۔ ‘

اس بات کو یقینی بنائیں کہ گوشت کی تھوڑی تھوڑی مقدار کو الگ الگ ایئرٹائٹ بیگ میں رکھیں اور اس پر لیبل لگائیں کہ اسے کس تاریخ کو فریزر میں رکھا گیا تھا۔ ایک ہی جگہ پر بہت زیادہ مقدار میں گوشت کو ٹھونس دینا قطعی مناسب نہیں اس لیے اس سے اجتناب کریں۔

ریفریجریٹر یا فریزر میں گوشت رکھنے سے قبل ان کی چھوٹی چھوٹی بوٹیاں بنالی جائیں اور ایک پیکٹ میں اتنا گوشت رکھا جائے جتنا ایک بار استعمال کرنے کا ارادہ ہو۔

                    گوشت سے لگی چربی کو نکال دیں اور اسے پلاسٹک کی تھیلی یا المونیم بیگ میں اچھی طرح پیک کر کے رکھیں، گوشت کے ساتھ جتنی چربی کم رہے گی اتنا ہی گوشت محفوظ رہے گا۔

گوشت کے بجائے اس کا قیمہ بھی بنا کر محفوظ کیا جاسکتا ہے، اگرکباب بنالیے جائیں تو زیادہ بہتر رہتا ہے ۔

مذید پڑھیئے

عید قربان اور گوشت

استعمال سے پہلے مکمل پگھلانا

بیماری، آلودگی یا کسی بھی نوعیت کے مضر صحت اجزا کے کسی بھی خطرے سے بچنے کے لیے گوشت کو پکا کر کھانے سے پہلے اسے مکمل طور پر کھولنا یا پگھلانا ہوگا۔ کیونکہ فریز ہونے پر گوشت کے ریشے جم کر ایک دوسرے میں پیوست ہوجاتے ہیں، تاہم بعض اوقات آپ کے پاس انتظار کرنے کا وقت نہیں ہوتا جب تک کہ گوشت قدرتی طور پر پگھل نہ جائے۔

اس صورت میں آپ یہ کرسکتے ہیں کہ اپنے ایئرٹائٹ بیگ کو ٹھنڈے پانی سے بھرے کسی بڑے برتن میں رکھ دیں، صحیح درجہ حرارت کو یقینی بنانے کے لیے ہر آدھے گھنٹے بعد پانی تبدیل کرلیں اور گوشت کے اچھی طرح کھُلنے تک انتظار کریں۔

فریزر کئے ہوئے گوشت کو دوبارہ استعمال کرنا

پہلے سے پگھلائے ہوئے گوشت کو دوبارہ منجمد کرنا محفوظ نہیں ہے۔ اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو آپ اپنے آپ کو فوڈ پوائزننگ اور دیگر بیکٹیریا کے خطرے میں ڈالیں گے۔ ایسا گوشت جو پہلے ہی ایک بار فریز ہونے کے بعد پگھلایا جا چکا ہے اسے ذخیرہ کرنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ پہلے اس کو پکالیا جائے، بعد میں آپ پکے ہوئے گوشت کو سالن یا کسی بھی پکوان کی صورت میں دوبارہ سے فر یرزکرسکتے ہیں۔

  لوگ گوشت کے بڑے بڑے پارچے یا بوٹیاں ایک ساتھ ایک پیکٹ میں جمع کرکے رکھ دیتے ہیں اور پھر استعمال کرنے سے قبل اسے باہر نکالتے ہیں برف پگھلاتے ہیں اور پھر دوبارہ اسے فروزن کرتے ہیں یہ طریقہ کار غلط ہے اس سے گوشت میں مائیکروب بڑھنے کا بڑا امکان رہتا ہے۔

گوشت کو کتنے عرصے محفوظ رکھیں؟

کچے گوشت کو 4 سے 12 ماہ تک منجمند کرکے رکھا جاسکتا ہے۔کچا قیمہ تین ماہ تک ہی فریزر میں ٹھیک سکتا ہے۔پکے ہوئے گوشت کو 2 سے 3 ماہ کے لیے محفوظ کیا جاسکتا ہے۔اور ہاں گوشت محفوظ رکھنے  کے لئے فریرز  کا درجہ حرارت کم ہونا چاہئے۔رہ

قربانی کے گوشت کے بارے میں اہم بات

قربانی کے دوران سب سے اہم بات  یہ ہے کہ قربانی کے گوشت کو اخبار کے کاغذ میں لپیٹ کر تقسیم نہ کریں اور نہ ہی رکھیں  کیونکہ سیاہی میں سیسہ کا جزشامل ہوتا ہے جو انسانی صحت کے لئے انتہائی خطرناک ہے اور زہر ہے ۔اس کام کے لئے پلاسٹک کے شاپر ہی بہتر ہے۔


Like it? Share with your friends!

0
Annie Shirazi

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *