بحیثیت مسلمان یہ ہم سب کا لازمی ایمان ہونا چاہئے کہ اللہ تعالیٰ نے جو ہماری قسمت میں رکھا ہے، وہ بہترین رکھا ہے، وہ لازمی ہم تک پہنچنا ہے، اور جو قسمت میں نہیں رکھا، وہ کسی صورت نہیں ملنا ہے، لیکن افسوس ہمارے معاشرے میں کچھ لوگوں خدا کی رضا یا صبر سے کام لینے کے بجائے جعلی پیر، فقیر اور عاملوں کے شکنجے میں پھنس جاتے ہیں، عموماً اس طرح کے جعلساز ایسے لوگوں سے لوٹ کھسوٹ کرتے ہیں، لیکن گجرانوالہ میں اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ پیش آیا، جس میں نوجوان نے چلا کاٹنے، عمل کرنے کے باوجود محبوبہ سے شادی نہ ہونے پر عامل کو ہی قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے تھانہ ایمن آباد کی حدود میں پیش انسانیت سوز واقعہ، جہاں اعجاز نامی نوجوان ایک لڑکی سے محبت کرتا اور اس سے شادی کی خواہش رکھتا تھا، کچھ وجوہات کی بنا پر یہ چیز ممکن نہیں ہو رہی تھی۔ لہذا نوجوان نے عمران نامی جعلی عامل سے رابط کیا، جو تعویذ گنڈے اور چلے کیا کرتا تھا۔
اس حوالے سے عامل بابا عمران نے اعجاز کو محبوبہ سے پسند کی شادی میں کامیابی کیلئے مختلف عمل اور چلے بتائے، جس پر اعجاز نے من و عن عمل بھی کیا، یہی نہیں اعجاز نے عامل کو نذرانے اور دیگر اخراجات کیلئے 25 ہزار روپے بھی دیئے، مگر افسوس پسند کی شادی میں پھر بھی کامیابی نہ ہوسکی اور محبوبہ کی شادی کسی اور سے ہوگئی۔
چنانچہ محبت میں ناکامی اور سرتوڑ کوششوں کے باوجود محبوبہ کے نہ ملنے کے غم نے اعجاز کو مشتعل کردیا اور پھر ایک روز اعجاز نے غصے میں آکر عامل عمران کو ہی فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔
اس موقع پر سی پی او گوجرانوالہ حماد عابد نے افسوسناک واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملزم اعجاز نے مقتول “عامل” عمران کو پسند کی شادی کیلئے 25 ہزار روپے دیئے تھے، مقتول عمران تعویز گنڈے اور چلے کیا کرتا تھا۔
واقعے کی خبر ملتے ہی پولیس نے ملزم کے خلاف فوری کاروائی شروع کی اور موبائل فون کی لوکیشن کی مدد سے ملزم کا سراغ کا لگا کر ملزم کو گرفتار کرلیا، پولیس نے ملزم سے آلہ قتل برآمد کرلیا ہے جبکہ گرفتار ملزم سے کیس کی مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب انسانیت سوز واقعے کے بعد ایک ہی محلے کے رہائشی قاتل اور مقتول کے پڑوسیوں نے شدید دکھ ورنج کا اظہار کیا اور کہتے ہیں کہ ایسی وجوہات پر کسی کی جان لینا زیادتی ہے۔
یہاں یہ بات انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتی ہے کہ محبوب آپ کے قدموں میں ، بے اولادی کا علاج ، کالے جادو کا توڑ ، وطن عزیز کی دیواروں پر لکھی ہوئی تحریریں اور دیواروں پر چسپاں اشتہارات یہ بتاتے ہیں کہ ہمارا ایمان آج کتنا کمزور ہوگیا ہے اور نوسر باز کتنے چالاک ہیں، کہ وہ ہم سے ہماری مجبوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہیں اور ہم سے لوٹ کھسوٹ کرتے ہیں۔
واضح رہے کچھ ماہ قبل پشاور سے ایک حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا تھا، جس میں خاتون کے سر پر مبینہ طور پر ایک پیر نے کیل ٹھونک دی تھی، بعدازاں خاتون کی طبعیت بگڑنے پر انہیں فوری طور پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں کامیاب سرجری کے بعد خاتون کے سر سے کیل نکال لی گئی تھی، البتہ اہلخانہ کا کہنا تھا کہ سر میں کیل خاتون نے خود ٹھونکی، کیونکہ جب یہ واقعہ رونما ہوا، تو وہ گھر میں اپنے کمرے میں تھیں، بعدازاں شوہر نے دعوی کیا کہ یہ کیل جننات نے خاتون کے سر میں ٹھونکی تھی۔
یاد رہے کچھ عرصہ قبل سیالکوٹ میں تھانہ صدر کے علاقے ونجل سے ایک حیران کن خبر سامنے آئی تھی، جہاں صغیر شاہ نامی جعلی پیر مریدین کے پکارنے پر قبر سے جواب دیا کرتا تھا، بعدازاں پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے جعلی پیر کا بھانڈا پھوڑ دیا اور اسے قبر سے زندہ سلامت برآمد کرکے گرفتار کرلیا۔
کراچی،14 اپریل 2025: پاکستان میں نفسیاتی تجزیاتی سوچ کو فروغ دینے کی ایک پرعزم کوشش…
سوئی سدرن گیس لمیٹڈ کمپنی نے رمضان المبارک میں گھریلو صارفین کیلیے گیس کی لوڈشیڈنگ…
کراچی سمیت سندھ بھر میں اس سال نویں اور دسویں جماعت کا شیڈول تبدیل کر…
فروری سال کا وہ مہینہ ہے جو محض 28 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے اور…
پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے چیمپئنز ٹرافی کے اگلے راؤنڈ تک جانے کا سفر مشکل ہوچکا…