عید الاضحیٰ پر گوشت کھائیں مگر اعتدال کیساتھ


0

عید الاضحیٰ پر قربانی کے بعد اب ہر گھر کے فریج اور ڈیپ فریزرز گوشت سے بھر چکے ہیں۔گزشتہ دو دنوں میں کہیں بار بی کیو پارٹیاں منعقد کی گئیں تو کہیں چپلی کباب کی خوشبو نے آپ کو بدپرہیزی پر اُکسایا ہوگا۔ ابھی تو یہ سلسلہ نہ صرف اگلے کئی دنوں تک جاری رہے گا، بلکہ کچھ گھرانوں میں تو کئی ماہ تک قربانی کا محفوظ شدہ گوشت استعمال ہوتا رہے گا۔ تاہم یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ عید کے موقع پر بہت زیادہ گوشت کھانے اور بدپرہیزی کی وجہ سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد اسپتال پہنچ جاتی ہے۔

بے شک گوشت جسم کو طاقت بخشتا ہے، خون پیدا کرتا ہے اور انسان کی صحت کا ضامن بھی ہے لیکن گوشت کا زیادہ استعمال مضرصحت بھی ہے۔عموماً عید کے موقع پرصبح، دوپہر اور شام گوشت سے بنے ہوئے پکوان ہی خوراک کا حصہ بنائے جاتے ہیں۔ جس کی وجہ سے جسم میں پروٹین کی مقدار تو زیادہ ہوجاتی ہے لیکن ضرورت سے ذیادہ مقدار میں کھانا تناول کرنے سے نظام ہاضمہ میں پیچیدگیاں بھی پیدا ہوسکتی ہیں۔

Image Source: Unsplash

اس حوالے سے غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ عید پر گوشت کھائیں لیکن اعتدال کیساتھ بصورت دیگر زیادہ گوشت کھانا آپ کو اسپتال کا راستہ دکھا سکتا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے گوشت کے ساتھ سلاد اور پانی کازیادہ استعمال کریں۔ غذائی ماہرین نے بلڈپریشر، امراض قلب اور شوگر کے مریضوں کو احتیاط کرنے کامشورہ دیدیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک ہتھیلی کے برابر گوشت کا پیس استعمال کرسکتے ہیں، کلیجی، سری، پائے کھانے سے بلڈ پریشر لازمی بڑھے گا۔ ڈاکٹر کہتے ہیں کہ جانور کو ذبح کرنے کے بعد دیرتک لٹکائیں تاکہ خون کا اچھی طرح اخراج اور کھانے میں آسان ہو۔ جو جانور بھی ذبح کریں اس کا خون لازمی مکمل الٹکا لٹکا کر نکالیں تاکہ گوشت ٹھیک بنے ورنہ بیمار کرسکتا ہے۔

Image Source: Unsplash

ماہرین صحت کے مطابق اگر گوشت کا استعمال انتہائی ضروری ہو تو اس کو بار بی کیو بنا کر استعمال کرنا چاہیے۔ مگر یاد رکھیں کہ اگر بار بی کیو میں مصالحہ جات کا استعمال کم سے کم کیا جائے تو اسے ایک صحت مند غذا کہا جاسکتا ہے لیکن ذیادہ مصالحے لگانے سے بار بی کیو اور دیگر ڈشز میں کوئی خاص فرق نہیں رہ جاتا۔ ماہرین کہتے ہیں کہ قربانی کے گوشت کو فوری طور پر نہیں پکا ئیں بلکہ گوشت کو ایک دو گھنٹے رکھیں پھر ہنڈیا چڑھائیں۔ جب گوشت اچھی طرح گل جائے تو اسے خوب چبا چبا کر کھائیں۔

Image Source: Unsplash

غذائی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ گوشت کے پکوانوں کے ساتھ سافٹ ڈرنکس کا استعمال نظام انہضام کو بہتر کرنے کی بجائے پیچیدہ بناتا ہے اوران میں موجود کاربو ہائیڈریٹس انسانی جسم کے لیے نقصان کا باعث بنتے ہیں۔ لہٰذا کھانے کے بعد سافٹ ڈرنکس کا استعمال ہرگز نہیں کریں اور پانی بھی کھانا کھانے کے بیس منٹ بعد پیئں بلکہ بدہضمی ، تیزابیت ، جلن اور ان سے جڑے دیگر مسائل سے بچنے کے لئے لیموں پانی ، نمکین لسی وغیرہ کاانتخاب کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ مزے مزے کی ڈشیں کھانے کیساتھ ہی ساتھ ورزش بھی لازمی کریں تاکہ وزن کنٹرول میں رہے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *