ابرار الحق کا ‘بے بی شارک ‘سے متعلق بیان ،شوبز شخصیات کا ردعمل


0

معروف گلوکار اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق نے آج کے دور کی ماؤں پر تربیت کے حوالے سے دلچسپ تبصرہ کردیا۔

سوشل میڈیا پر گلوکار ابرارالحق کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ پاکستان تحریک انصاف کی 3 سالہ کارکردگی کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ اس تقریب میں ابرارالحق نے کہا کہ جب ہم چھوٹے تھے تو اُس وقت کی مائیں بچوں کو گود میں لیکر اُنہیں کلمہ سُنا کر اور اللہ تعالیٰ کا نام سُنا کر سُلایا کرتی تھیں اور بچے فوراً سے سوبھی جاتے تھے۔

Image Source: Instagram

انہوں نے موجودہ دور کی ماؤں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج کل کی مائیں اپنے بچوں کو گود میں لیتی ہیں اُنہیں موبائل فونز تھما دیتی ہیں جن پر دُعاؤں کے بجائے “بے بی شارک” چل رہا ہوتا ہے۔

گلوکار کے اس دلچسپ تبصرے پر تقریب میں موجود تمام شرکاء زور زور سے قہقہے لگانے لگے۔ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ابرارالحق کی یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی ہے ابرار الحق کی جانب سے بچوں کی تربیت کے حوالے سے آج کل کی ماؤں کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر شوبز شخصیات بھی مذکورہ معاملے پر ان کی مخالفت اور حمایت میں بول اٹھے ہیں۔

‘گوری کرت سنگھار‘،’اوکہندی اے سیاں میں تیری آں‘اور ان جیسے دیگر سپر ہٹ گانے پاکستانی میوزک کو دینے والے گلوکار جواد احمد جو کہ اب سیاست کے شعبے میں قدم رکھ چکے ہیں اور ‘برابری پارٹی’ کے چیئرمین ہیں ۔انہوں نے ابرار الحق کے اس بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ تحریک انصاف سیاسی پارٹی نہیں بلکہ منافقوں کا ایک ٹولہ ہے جس کا سردار منافق اعظم عمران خان ہے۔

اداکارہ، ماڈل ومیک اپ آرٹسٹ نادیہ حسین نے ابرار الحق کے کمنٹس پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں گلوکاری کرنے کے طعنے بھی دئیے۔ نادیہ حسین کا کہنا تھا کہ ایک ایسا شخص جو خود گانے گاتا ہو اور موسیقی کے ساتھ ہی بڑا ہوا ہو، اسے اس طرح کی باتیں نہیں کرنی چاہیے نادیہ حسین نے لکھا کہ ابرارالحق کو آج کل کی ماؤں کی تربیت پر بات نہیں کرنی چاہیے تھی اور انہیں یہ ذہن میں رکھنا چاہیے تھا کہ کیا ان کے گانے سن کر نئی نسل کی بہتر پرورش ہو رہی ہے؟

واضح رہے کہ نادیہ حسین کی جانب سے گلوکار پر سخت تنقید کرنے پر کئی شوبز شخصیات نے بھی ان کی حمایت کی ہے۔

مزید پڑھیں: اداکار فرحان خان نے سیاست میں قدم رکھ دیئے

تاہم ،اداکارہ زرنیش خان نے ابرار الحق کے بیان کو ان کی ذاتی رائے قرار دیا اور کہا کہ دوسروں کی بات سننے اور انہیں اپنی بات کہنے کا موقع دیا جانا چاہیے، دوسری صورت میں ہم سب کو گونگے ہونے کی مشق کرنی پڑے گی اداکارہ نے لکھا کہ گلوکار کی بات کو نظر انداز کیا جائے، نہ کہ اس کی پوری زندگی کا دوبارہ جائزہ لیا جائے۔

زرنیش خان کی طرح اداکارہ اشنا شاہ نے بھی ابرار الحق کا ساتھ دیا اور ان کی تعریف میں مختصر پوسٹ کرتے ہوئے انہیں لیجنڈ قرار دیا اور ساتھ ہی ان سے محبت کا اظہار بھی کیا۔

شوبز شخصیات کے علاوہ سوشل میڈیا صارفین میں جہاں بعض لوگوں نے ابرار الحق کے بیان کی مخالفت کی وہیں کئی لوگوں نے ان کی بات سے اتفاق بھی کیا۔کسی نے بچوں کی نظموں کے تعمیری پہلوؤں پر زور دیا، تو کسی نے خود ابرار الحق کے ماضی کے گانوں کے بول یاد کروادیے، منچلوں نے ابرار الحق سے نظم کا پنجابی بھنگڑا، ورژن ریلیز کرنے کا مطالبہ کردیا۔

مزید پڑھیں: ابرارالحق کا کوہ پیما محمد علی سدپارہ کا خواب پورا کرنے کا اعلان

خیال رہے کہ بے بی شارک کی ویڈیو یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھنی جانے والی ویڈیو ہے، مذکورہ گانے کو جنوبی کورین پروڈیوسرز نے 2016 میں اپ لوڈ کیا تھا۔’بے بی شارک‘ دنیا بھر کے بڑوں اور بچوں میں یکساں مقبول گانا ہے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *