
ڈرامہ سیریل ‘بشر مومن ‘ ، ‘بَلا’ ، ‘بندھے اک ڈور سی ‘ کی خوبرو اداکارہ اُشنا شاہ سوشل میڈیا پر کافی ایکٹیو نظر آتی ہیں اور اکثر ہی وہ پوسٹوں کے ذریعے ملکی ، مذہبی و معاشرتی مسائل کو ناصرف اجاگر کرتی ہیں بلکہ ان پر اپنے ردعمل کا اظہار بھی کرتی دیکھائی دیتی ہیں۔ اس بار انہوں نے مذہبی رواداری کے حوالے سے ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ کس طرح ایک عیسائی اور ایک ہندو نے ان کے لئے نماز کی ادائیگی آسان بنائی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اُشنا شاہ نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ وہ نبیلہ سیلون پر تھیں جہاں نمازِ عصر کی ادائیگی کے لئے ہندو میک اپ آرٹسٹ نے شاور والا نَلکا پکڑے رکھا تاکہ وہ باآسانی وضو کرسکیں جبکہ دوسری میک اپ آرٹسٹ جو کہ عیسائی تھی اُس نے فرش صاف کرکے میرے لیے جائےِنماز بچھائی۔

اشنا شاہ نے لکھا کہ ان دونوں نے نماز کی ادائیگی ان کے لئے آسان بناکر رواداری کی بہترین مثال قائم کردی۔
اداکارہ کی جانب سے یہ ٹوئٹ اپنے آپ کو نمازی ثابت کرنے کے لیے ہرگز نہیں کی گئی بلکہ یہ ٹوئٹ ایک ہندو اور ایک عیسائی نے بین المذاہب ہم آہنگی کا ثبوت دیتے ہوئے اداکارہ کو نماز کی ادائیگی میں مدد کرنے کے اقدام کو سراہنے کے لیے کی گئی ہے۔ تاہم اس ٹوئٹ کو کافی پسند کیا جارہا ہے ، بہت سے لوگوں نے میک اپ آرٹسٹ کی تعریف کی اور لکھا کہ جزاک اللہ یہ ایک خوبصورت پیغام ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ عیسائی اور ہندو پاکستان میں اقلیت میں ہیں، ہمیں اُن کا بہت زیادہ خیال رکھنا چاہیے۔ جن ممالک میں مسلمان اقلیت میں ہیں وہاں اکثریتی مذاہب کے افراد اور حکومتیں بھی مسلمانوں کے لیے بہت سازگار ماحول فراہم کرتی ہیں تاکہ مسلمان خود کو غیر محفوظ نہ سمجھیں۔

خیال رہے کہ اُشنا شاہ کو آئے دن سوشل میڈیا پر ان کے متنازع لباس اور فوٹو شوٹ کی وجہ سے تنقید کا سامنا رہتا ہے، گزشتہ دنوں بھی اشنا شاہ نے پاکستانی ثقافت کے مخالف اپنی بولڈ تصویریں شیئر کیں اور مداحوں کو اس پوسٹ کے کیپشن میں مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آپ کی ٹرولنگ کے ڈر سے کانپیں ٹانگ رہی ہیں، لہذا میں اپنا کمنٹ باکس بند کررہی ہوں۔ اشنا شاہ کی اِن تصویروں کو ہزاروں مداحوں وانٹرنیٹ صارفین کی جانب سے لائیک کیا جاچکا ہے تاہم ابھی تک اس پر منفی یا مثبت کمنٹ نہیں آیا۔
علاوہ ازیں ، چند دنوں پہلے اُشنا شاہ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں عوامی مقامات پر خواتین مداحوں کے بغیر اجازت چھونے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا جس کی حمایت پاوری گرل دنانیر مبین نے بھی کی تھی۔اس حوالے سے دنانیر کا کہنا تھا کہ میں اس سے بالکل اتفاق کرتی ہوں اور یہ میرے ساتھ بھی ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ناگوار صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب خواتین بغیر اجازت گلے ملتی ہیں اور پھر کمر پر ہاتھ پھیرتی ہیں، کیا یہ لوگ میری پیمائش لینے کی کوشش کررہی ہوتی ہیں؟ اداکارہ نے مزید کہا کہ یہ انتہائی غیر مناسب ہے، برائے مہربانی اس حوالے سے آگاہی مہم چلانی چاہیے کہ لوگوں کی پرائیویسی کا خیال رکھا کریں، پھر چاہے وہ کوئی سلیبریٹی ہو یا عام شخص۔
0 Comments