
میاں بیوی میں لڑائی جھگڑے کی خبریں تو ہم اکثر سنتے رہتے ہیں ایسا میں اگر ان دونوں میں سے کسی ایک کی جانب سے بھی کوئی اچھی خبر سامنے آجائے تو وہ ایسے حالات میں ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ثابت ہوتی ہے بلکہ ایسی خبروں سے لوگوں کا اس بات پر اعتماد اور بڑھ جاتا ہے دنیا میں اچھائی ابھی بھی باقی ہے۔
میاں بیوی کی محبت کی ایسی ہی ایک لازوال مثال بھٹ شاہ کی رہائشی خاتون نے قائم کی ہے جنہوں نے اپنے شوہر کی جان بچانے کے لئے اپنا جگر کا ٹکرا شوہر کو دے دیا۔جگر کی یہ کامیاب اور مفت پیوندکاری عبد القادر شاہ جیلانی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس گمبٹ خیرپور میں کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق خاتون کے شوہر محمد خان جگر کے عارضہ میں مبتلا تھے تو انہوں نے اپنے جگر کی پیوندکاری کروا کے شوہر کی جان بچالی ،ڈاکٹروں کے مطابق آپریشن کے بعدمیاں بیوی دونوں صحت مند ہیں۔ تاہم آپریشن کے بعد خاتون سے بات چیت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جیسے ہی شیئر ہوئی صارفین نے اسے تیزی سے شیئر کرنا شروع کردیا اور ان کی یہ ویڈیو وائرل ہوگئی۔ صارفین خاتون کے اس اقدام کو بے حد سراہا رہے ہیں اور شوہر کے لئے اپنے جگر کا ٹکڑا عطیہ کرنے پر ان کی تعریف کررہے ہیں۔
آپریشن کے بعد خاتون نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ شوہر کی جان کو خطرہ تھا، اور انہیں جگر کی ضرورت تھی۔ خاتون شوہر سے بے حد پیار کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ اپنے شوہر کی جان بچانے کے لیے خاتون نے اپنے ہی جگر کا ٹکرا شوہر کو دے دیا، خاتون کے چہرے پر مسکراہٹ تھی اور آنکھوں میں خوشی کے آنسو۔
ویڈیو میں خاتون کا کہنا تھا کہ ہمارے بچے نہیں ہیں، اور میرے شوہر ہی میرے لیے سب کچھ ہیں، میں اپنے شوہر سے بے پناہ محبت کرتی ہوں اور میرے جسم کا جو حصہ انہیں لگ سکتا ہے میں دینے کے لیے تیار ہوں۔خاتون کی شادی کو 10 سے 12 سال کا عرصہ ہو گیا ہے مگر اولاد کوئی نہیں ہے، لیکن اس کے باوجود دونوں میں پیار محبت اتنا ہے کہ ہر مشکل کو مل کر شکست دے سکتے ہیں۔
اس سے قبل بھی فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ایک شادی شدہ جوڑے کو گزشتہ 38 برسوں سے ایک جیسے رنگ اور ڈیزائن کے کپڑے پہننے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر خوب پزیرائی ملی تھی۔مسٹر اینڈ مسز ناصر جو کہ کپل آف فیصل آباد کے نام سے مقبول ہوئے یہ دونوں کپڑوں کے ساتھ ساتھ کھانے میں بھی ایک جیسی پسند رکھتے ہیں اور ان کی اسی ہم آہنگی نے لوگوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔ اس جوڑے کے مطابق ان کی شادی کو 38سال کا عرصہ گزر چکا ہے جبکہ ان کے تین بیٹے ہیں اور وہ اپنے بچوں کے ساتھ خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں اور ان کا مقصد محبت کو فروغ دینا ہے۔
علاوہ ازیں ، متحدہ عرب امارات میں بھی میاں بیوی کی محبت کی ایک مثال سامنے آئی تھی جس میں بیوی کے انتقال کے بعد شوہر بھی بیوی کے جدائی کے غم میں 13 گھنٹے کے بعد دنیا سے رخصت ہوگیا تھا۔
0 Comments