
ہمارے معاشرے میں اکثر اوقات پسند کی شادی ایک تنازع بن جاتی ہے جس میں کبھی تو دونوں فریقین اور کبھی کوئی ایک فریق دوسرے کا جانی دشمن بن جاتا ہے اور ایسے میں وہ دوسرے کو جانی و مالی تکلیف پہنچانے سے بھی دریغ نہیں کرتا۔ ایسا ایک دردناک واقعہ شہر کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ہوا ہے، جس میں لڑکی کے باپ نے پسند کی شادی کے تنازع پر ہونیوالے جھگڑے میں اپنے دانتوں سے لڑکے کے والد کی انگلی کاٹ دی۔ تاہم پولیس نے مقدمہ درج کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
اس حوالے سے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ویسٹ سہائی عزیز کے مطابق یہ واقعہ پاکستان بازار تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 گلشنِ ضیاء میں پیش آیا، جس میں کش محمد حسین نے پاکستان بازار تھانے میں ایف آئی آر نمبر 82/22 زیر دفعہ 334، 354، 34 درج کرائی ہے۔

مدعی کے مطابق ان کے محلے کی ایک لڑکی نبیلہ مدعی کے بیٹے محمد سلمان کی کلاس فیلو ہے جو اسے پسند کرتی ہے اور اس سے شادی کرنا چاہتی ہے۔ حسین کے مطابق اس سلسلے میں نبیلہ گزشتہ روز ان کے گھر پر آئی اور ان کی اہلیہ سے بات چیت کی اور ان کے بیٹے سے شادی کرانے کی ضد کرنے لگی۔ حسین کا کہنا ہے کہ انہوں نے لڑکی کو سمجھایا کہ ان کا بیٹا ابھی کوئی کام کاج نہیں کرتا اس لیے وہ ابھی شادی نہیں کر سکتے۔ مدعی کے مطابق اس دوران لڑکی کا والد ندیم اور چچا علیم وہاں پہنچ گئے، جنہوں نے ان کے گھر میں گھس کر مدعی کی اہلیہ عارفہ اور بیٹے سلمان کو مارنا پیٹنا شروع کردیا۔

دونوں بھائی مدعی کی اہلیہ عارفہ کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹتے رہے، جس سے عارفہ کے کپڑے پھٹ گئے اور وہ برہنہ ہوگئی۔ حسین کے مطابق اس دوران اس نے اہلیہ اور بیٹے کو چھڑانے کی کوشش کی تو ندیم نے اس کے بائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی دانتوں سے کاٹ دی، ملزم نے اس قدر شدت سے کاٹا کہ انگلی کٹ کر ہاتھ سے جدا ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی حسین کو عباسی شہید اسپتال میں طبی امداد دی گئی اور میڈیکولیگل رپورٹ درج کی گئی جس کے بعد پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے ندیم اور علیم کو گرفتار کرلیا ہے۔
مزید پڑھیں: دولہا دولہن کا شادی میں غیر حاضر مہمانوں سے انوکھا انتقام
خیال رہے کہ پاکستان میں شادی کے حوالے سے مذکورہ نوعیت کے واقعات کی شرح پڑوسی ملک بھارت کی نسبت کم ہے۔ وہاں تو شادی بیاہ کے موقع پر آئے دن عجیب و غریب واقعات دیکھنے اور سننے کو ملتے ہیں جو سوشل میڈیا پروائرل بھی ہوتے ہیں۔ حالیہ دنوں میں بھی بھارتی ریاست تامل ناڈو میں ایک ایسا ہی واقعہ دیکھنے میں آیا جہاں دولہا نے شادی سے ایک روز قبل کزن کے ساتھ ڈانس کرنے پر طیش میں آکر اپنی ہونے والی دلہن کو تھپڑ جڑا تو دلہن نے بھی عین شادی کے دن دولہا کو چھوڑ کر اسی کزن سے بیاہ رچالیا۔ ایسے میں دولہا بھی کہاں چُپ بیٹھنے والا تھا اس نے شادی منسوخ کرنے پر دلہن والوں سے شادی پر خرچ کیے جانے والے اپنے لاکھوں روپے کی واپسی کا مطالبہ کرڈالا۔
0 Comments