
بڑے میاں تو بڑے میاں، چھوٹے میاں سبحان اللہ، شریف فیملی سیاست کے ساتھ ساتھ گائیکی میں بھی کافی دلچسپی رکھتی ہے جبھی سب سے پہلے شہباز شریف اس میدان میں اترے اور انہوں نے اپنی آواز سے سب کو متاثر کیا، ان کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر نے اپنی گلوکاری کا فن دیکھایا اور اب حمزہ شہباز نے بھی اپنی سریلی آواز کا جادو جگا کر سب کو حیران کردیا اور ان کی گانا گانے کی یہ ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ مریم نواز اور کیپٹن محمد صفدر اعوان کے صاحبزادے جنید صفدر اگست میں لندن میں عائشہ سیف خان سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ اب صوبائی دارالحکومت لاہور میں جنید صفدر کی شادی کی خوشی میں بقیہ تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے۔

اسی حوالے سے اتوار کی رات منعقد ہونے والے ایک فیملی فنکشن میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے خوشگوار موڈ میں مہمانوں کے سامنے گانا گنگنایا۔ انہوں نے پہلے معروف گلوکار مکیش کا گانا “یہ سہانی راتیں ہمیں سونے نہیں نہیں دیتیں” گنگنایا تو سب مہمانوں کے دل جیت لیے اور اپنی گائیکی پر خوب داد سمیٹی۔ پھر سب کی پُرزور فرمائش پر انہوں نے کشور کمار کا گانا “ہمیں تم سے پیار ہے کتنا یہ ہم نہیں جانتے” بھی گنگنایا۔
مزید پڑھیں: بلال مقصود کو جنید صفدر کی گلوکاری تو پسند آئی، لیکن پھر تنقید کیوں؟
سوشل میڈیا پر وائرل ہونیوالی اس ویڈیو میں مریم نواز کو حمزہ شہباز کے ساتھ بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ کیپٹن صفدر اور مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب بھی ویڈیو میں نظر آرہی ہیں۔ جنید صفدر کی شادی کا استقبالیہ 14 دسمبر کو اسلام آباد اور دعوت ولیمہ 17 دسمبر کو لاہور میں ہونا طے پایا ہے جبکہ بیٹے کے ولیمے کے باعث مریم نواز نے کچھ روز کے لیے سیاسی سرگرمیاں معطل کر رکھی ہیں۔

خیال رہے کہ جنید صفدر نے نواز شریف کے دیرینہ ساتھی سیف الرحمان کی صاحبزادی عائشہ سیف سے 22 اگست کو لندن میں شادی کی تھی جس کے بعد ان کے نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔ ان کے نکاح مین لندن میں مقیم سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سمیت خاندان کے قریبی افراد نے شرکت کی تھی۔ تاہم جنید صفدر کے والدین کا نام نو فلائی لسٹ میں نہ ہونے کی وجہ سے وہ برطانیہ نہیں جاسکے تھے اور انہوں نے بذریعہ ویڈیو کال نکاح میں شرکت کی تھی۔
اس تقریب میں جنید صفدر نے اپنی آواز کا جادو جگاتے ہوئے بھارتی گانا ‘کیا ہوا تیرا وعدہ’ گایا تھا۔ جنید صفدر کی اس ویڈیو کے خوب چرچے ہوئے تھے بلکہ ان کی گائیکی کی صلاحیت نے صارفین کو بہت متاثر کیا تھا۔
0 Comments