
سوشل میڈیا نے بہت سے ایسے لوگوں کو راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے جو کبھی اتنی شہرت کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر اپنی نان اسٹاپ باتوں سے چھا جانے والی نمرہ علی بھی انہی میں سے ایک ہیں جن کی ایک ویڈیو ایسی وائرل ہوئی کہ وہ اسٹار بن گئیں اور شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔ آج کل وہ مختلف ٹی وی اور ویب چینلز شوز کی میزبانی کرتی نظر آ رہی ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے ‘سوشل پاکستان’ کے نام سے شو میں ایک وکیل کا انٹرویو کیا۔ انٹرویو کے دوران ان کی زبان پھسل گئی اور وہ وکیل سے سوال کرتے ہوئے انگریزی کے لفظ پاپولیرٹی کو پاپولیشن بول گئیں۔ جس سے سوال کا مقصد ہی بدل گیا، کمال کی بات یہ ہے کہ وکیل نے بھی سوال کے جواب میں ٹوٹی پھوٹی انگریزی کا استعمال کرکے جواب دے دیا۔
میزبان نمرہ علی اور وکیل کا یہ دلچسپ کلپ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر ہوتے ہی وائرل ہوگیا اور اب صارفین ان دونوں کی انگریزی پر خوب تبصرے کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اگر آپ آن لائن کلاسز لیکر وکیل بنیں تو پھر ایسا ہی ہوتا ہے۔ جبکہ ایک نے لکھا کہ میزبانی اور وکالت دونوں کا خدا حافظ۔
بجلی کی سی تیز رفتار سے بولنے والی سوشل میڈیا سَنسیشن نمرہ علی کا تعلق پنجاب کے شہر لاہور سے ہے، نمرہ علی گزشتہ ماہ مقامی سوشل میڈیا روڈ شو کے دوران اپنے چلبلے انداز کی وجہ سے انٹر نیٹ پر خوب مشہور ہوگئی تھیں، جس کے بعد اُنہیں متعدد ٹی وی چینلوں کے مارننگ شوز ، روڈ شوز کے علاوہ ماڈلنگ کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا اور انہوں نے ایک حسین برائیڈل شوٹ بھی کروایا جس کی انٹرنیٹ پر خوب دھوم مچی۔

اس میں تو کوئی شک نہیں کہ چلبلی سی نمرہ علی اپنی سادگی اور پُرلطف باتوں سے ہر جانب مسکراہٹیں بکھیرتی رہتی ہیں اور دیکھتے ہی دیکھتے سب کی ہر دل عزیز شخصیت بن گئی ہیں۔ نمرہ علی کی جانب سے سوشل میڈیا ویب سائٹس پر اکاؤنٹس بھی بنا لیے گئے ہیں جن پر راتوں رات ہزاروں میں سبسکرائبرز، لائیکس، اور فالورز آ گئے ہیں۔
مزید پڑھیں : سوشل میڈیا انفلونئنسر سے اسٹار بننے کا خواب، حقیقت بننے والا ہے
البتہ گزشتہ دنوں ایک لائیو انٹرویو کے دوران نمرہ علی نے جانے انجانے میں کچھ ایسی باتیں کر دیں جن کا پاکستان میں رہنے والی ہندو برادری نے بُرا منایا اور اُن کے جذبات مجروح ہوئے۔ اس حوالے سے ٹوئٹر پر شدید تنقید کے جواب میں چینل نے ٹوئٹ کی اور نمرا علی کے ہندو برادری کے بارے میں کہے گئے الفاط سے دل آزاری پر معذرت کی۔تاہم نمرا علی کے نام سے بنائے گئے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی معافی مانگی گئی۔ نمرا علی کے معافی مانگنے پر صارفین نے ان کی تعریف کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں نصحیتیں بھی کیں۔
0 Comments