اداکارہ عفت عمر نے کورونا ویکسینیشن پر معافی مانگ لی


-1

چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دیکھا گیا تھا کہ وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورک طارق بشیر چیمہ کے اہلخانہ اور اداکارہ عفت عمر کی ایک گھر میں کورونا ویکسینیشن ہورہی ہے، ان تمام افراد پر سیاسی اثر رسوخ استعمال کرنے کا الزام عائد کیا جا رہا تھا، جس پر اب اداکارہ عفت عمر کی جانب سے معافی مانگ لی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں جاری کورونا ویکسینیشن کی مہم کے دوران بے ضابطگیوں اور سیاسی اثر رسوخ کو لیکر کئی روز سے خبریں زیرگردش تھیں، اس ہی دوران سوشل میڈیا پر کورونا ویکسینیشن کی مہم کے دوران ایک اور بے ضابطگی کی ویڈیو سامنے آئی، جس میں دیکھا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے جنرل سیکرٹری طارق بشیر چیمہ کی رہائش گاہ پر اداکارہ عفت عمر کو وفاقی وزیر کے اہلخانہ کے ہمراہ غیرقانونی طریقے سے کورونا ویکسینیشن کی جارہی ہے۔

یہاں یہ بات جاننا ضروری اقدامات ہے کہ پاکستان بھر میں فروری کے مہینے سے سرکاری سطح پر کورونا ویکسینیشن مہم جاری ہے، جس میں ہیلتھ ورکرز کو پہلی ترجیحات میں رکھا گیا ہے۔ بعدازاں حکومت کی جانب سے اس مہم میں مزید وسعت دیتے ہوئے عام شہریوں کو بھی ویکسینیشن مہم کا حصہ بنایا گیا تاہم ابتداء میں ویکسینیشن صرف ملک میں زائد عمر شہریوں کو دی جا رہی ہیں، اور اب 50 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی رجسٹریشن کا مرحلہ شروع ہوا ہے چنانچہ اداکارہ عفت عمر اور ویڈیو میں شامل دیگر افراد نے جب اپنی کورونا ویکسینیشن کروائی، اس وقت ویکسین صرف 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو لگوانے کی اجازت حاصل تھی، جس پر انہیں سوشل میڈیا اور الیکڑانکس میڈیا پر کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

جب اداکارہ عفت عمر پر عوام کی جانب سے تنقید کا سلسلہ شروع ہوا، تو انہوں نے ابتدائی طور پر تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر ایک پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کو کلئیر کرنا چاہتی ہیں کہ وہ ایک کین سینو (ٹرائل) ویکسین کا ایک بوسٹر شارٹ تھا جوکہ یو ایچ ایس کی جانب سے تھا، اور یہی ٹیم اس سے پہلے بھی ٹرائل ویکسین کا پہلا بوسٹر لگا چکی ہے۔ لیکن عوام نے اداکارہ کے جواب کو تسلی بخش نہ قرار دیتے ہوئے ان پر تنقید کا سلسلہ جاری رکھا گیا، جس پر اداکارہ عفت عمر کی جانب سے اپنی ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کردیا گیا تھا۔

Image Source: Screengrab

اس ہی دوران وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کی جانب سے بھی ایسا ہی کچھ موقف اختیار کیا گیا جبکہ ڈان نیوز کے پروگرام “زرا ہٹ کے” میں جب ان سے اس معاملے پر سوال ہوا، تو وہ غصے سے سیخ پا ہوگئے تھے، اور میڈیا پر الزام عائد کیا کہ میڈیا ان کے خلاف بےبنیاد باتیں چلا رہا ہے، وہ کئی ایسے صحافیوں کو بھی جانتے ہیں، جنہیں ان کے گھروں پر ویکسین لگائیں گئیں ہیں تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا۔

لہذا اس تمام صورتحال کے بعد اب اداکارہ عفت عمر کی جانب سے، اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا گیا ہے، اس سلسلے میں اداکارہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ “مجھے معاف کردیں، میں بہت شرمندہ ہوں، میں دل کی گہرائیوں سے معافی مانگتی ہوں۔ میں توبہ کروں گی”۔

اس دوران ایک صارف کی جانب سے اداکارہ عفت عمر کو ان کی غلطی کے اعتراف پر مشورہ دیا گیا کہ وہ کورونا ویکسین کی دوسری ڈوس لگوانے جائیں، 21 دن کے بعد لگوانا ضروری ہوتا ہے، لیکن اداکارہ عفت عمر نے جواب دیتے ہوئے، ویکسین کی دوسری دوس لگوانے سے انکار کردیا ہے۔

خیال رہے لوگوں کی ایک بڑی تعداد ہے جن کی خواہش ہے کہ انہیں جلد از جلد ویکسین لگائیں جائیں تاکہ ان کی جانیں محفوظ رہیں لیکن افسوس ابھی ویکسین کی تعداد کافی محدود ہے۔

واضح رہے چند روز قبل کورونا ویکسینیشن مہم کے دوران اختیارات کا ناجائز فائدہ آٹھائے جانے پر، حکومت سندھ کی جانب سے کراچی ڈسٹرکٹ ایسٹ ہیلتھ افیسرز کو نوکری سے معطل کردیا تھا کیونکہ انہوں نے ویکسینیشن مہم کے طے شدہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر کی بیٹی اور داماد کی ویکسینیشن کی تھی۔ جبکہ دونوں میں سے نہ کوئی ہیلتھ ورکر تھا اور نہ ہی کوئی زائد العمر شہری تھا۔


Like it? Share with your friends!

-1

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *