ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن اور وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن کا اشتراک، اسکولوں سے باہر بچوں کو ڈیجیٹل تعلیم فراہم کرنے کا فیصلہ

اس ادارہ جاتی شراکت داری کے تحت اسکولوں سے باہر بچوں کے لیے ڈیجیٹل مائیکرو اسکولز قائم کیے جائیں گے، جن کا آغاز لاہور سے ہوگا اور بعد ازاں اس نیٹ ورک کو ملک بھر میں وسعت دی جائے گی۔

پاکستان بھر کی پسماندہ اور تعلیمی سہولیات سے محروم آبادیوں تک منظم اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم براہِ راست پہنچانے کے لیے ایک نئے ملک گیر اقدام کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ہزاروں اسکول سے باہر بچوں کو بنیادی خواندگی اور حساب کتاب کی تعلیم فراہم کرنا ہے۔

اس اقدام کو عملی شکل دینے کے لیے وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن (FEF) اور ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن (TTWF) نے ڈیجیٹل مائیکرو اسکولز کا نیٹ ورک قائم کرنے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔ لاہور میں منعقدہ ایک تقریب میں دستخط کیے گئے اس معاہدے کے تحت دونوں اداروں کے درمیان باضابطہ شراکت داری قائم کی گئی ہے، جس میں وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن کے ملک گیر تنظیمی نیٹ ورک اور کاروباری قیادت کو ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن کے آزمودہ ڈیجیٹل تعلیمی ماڈل کے ساتھ یکجا کیا گیا ہے۔

پاکستان کو دنیا کے سنگین ترین تعلیمی چیلنجز میں سے ایک کا سامنا ہے، جہاں 2 کروڑ 60 لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن اور ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن کے درمیان یہ شراکت داری الگ تھلگ اور انفرادی طور پر چلنے والے منصوبوں کے بجائے ایک مربوط اور ادارہ جاتی ماڈل کے ذریعے اس بحران سے بڑے پیمانے پر نمٹنے کے لیے تشکیل دی گئی ہے۔

وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن کی سربراہی میں اس اقدام کے ذریعے پاکستان کے نجی شعبے اور مقامی برادریوں کی قیادت کو متحرک کیا جائے گا تاکہ تعلیمی سہولیات تک رسائی کی ذمہ داری مقامی سطح پر براہِ راست سنبھالی جا سکے۔ وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن ایک جامع تنظیمی ڈھانچہ اور انتظامی نظام فراہم کرے گی، جس کی رہنمائی ایک ایسے بورڈ کے ذریعے کی جائے گی جس میں پاکستان کے چاروں صوبوں کی نمائندگی موجود ہے۔ ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن تعلیمی حکمت عملی، ڈیجیٹل تعلیمی ماڈل اور اس پر عمل درآمد کے طریقہ کار کی ذمہ داری سنبھالے گی، جبکہ اس ضمن میں کم وسائل اور دور دراز علاقوں میں تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے اپنے تجربے سے استفادہ کرے گی۔

شراکت داری کے پہلے مرحلے میں لاہور میں ڈیجیٹل مائیکرو اسکولز کا ایک گروپ قائم کیا جائے گا، جبکہ طویل المدتی منصوبے کے تحت اس ماڈل کو ملک بھر کے مختلف اضلاع تک وسعت دی جائے گی۔ ہر ڈیجیٹل مائیکرو اسکول ایک چھوٹا، مقامی آبادی پر مبنی تعلیمی مرکز ہوگا، جہاں تربیت یافتہ معاونین بچوں کو ٹیبلٹس پر دستیاب کھیلوں کی طرز پر تیار کردہ تعلیمی ایپلی کیشنز کے ذریعے سیکھنے میں رہنمائی فراہم کریں گے۔ بچے اپنی رفتار کے مطابق بنیادی خواندگی اور حساب کتاب کی مہارتیں حاصل کریں گے۔ اس طریقہ کار کے ذریعے ایسے بچے بھی تیزی سے تعلیم کا آغاز کر سکیں گے جنہوں نے کبھی اسکول نہیں دیکھا یا تعلیم ادھوری چھوڑ دی ہے، اور وہ اس تعلیمی سلسلے کو جاری رکھ سکیں گے۔

یہ ماڈل پاکستان میں ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن کے پہلے سے جاری کامیاب کام پر استوار ہے۔ اس وقت فاؤنڈیشن 250 سے زائد ڈیجیٹل اسکولوں کے ذریعے 25 ہزار سے زیادہ طلبہ کو تعلیمی معاونت فراہم کر رہی ہے۔ آزادانہ جائزوں کے مطابق اس پروگرام کے نتیجے میں بنیادی تعلیمی صلاحیتوں میں بہتری آئی ہے، جبکہ لڑکیوں میں بھی حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔ وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن کے ساتھ نئی شراکت داری کا مقصد اس کامیاب اور آزمودہ طریقہ کار کو مزید وسیع ادارہ جاتی ڈھانچے کے تحت فروغ دینا ہے۔

ایم او یو پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گوہر اعجاز نے پاکستان سے ناخواندگی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے اسکولوں سے باہر تمام بچوں کو تعلیمی مراکز تک لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن اور ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن کے درمیان یہ مفاہمتی یادداشت اس سلسلے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔

ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن کے بانیشفیق خان نے کہا ’’ہر بچے کو سیکھنے کا موقع ملنا چاہیے، چاہے وہ کہیں بھی پیدا ہوا ہو۔ ہمارے ڈیجیٹل مائیکرو اسکولز نے مختلف برادریوں میں یہ ثابت کیا ہے کہ ایسے بچے جنہوں نے کبھی کلاس روم میں قدم نہیں رکھا، وہ بھی چند ماہ کے اندر پڑھنا اور بنیادی حساب کتاب کرنا سیکھ سکتے ہیں۔ وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن کے ساتھ یہ شراکت داری ہمارے اس ماڈل کو تنظیمی سطح پر وہ وسعت فراہم کرے گی جس کے ذریعے اسے علاقائی سطح سے نکال کر ملک گیر اقدام میں تبدیل کیا جا سکے گا۔‘‘

ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن کے صدر ارشد انیس نے کہا ’’یہ ایک ادارہ جاتی شراکت داری ہے، نہ کہ محض ایک وقتی اقدام۔ وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن کی تنظیمی قوت اور ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن کے آزمودہ ڈیجیٹل تعلیمی ماڈل کو یکجا کرکے ہم ایسا نظام تشکیل دے رہے ہیں جو اسکولوں سے باہر بچوں کی نشاندہی کرے گا، انہیں مائیکرو اسکولز میں لائے گا اور انہیں تیز رفتار تعلیمی سہولیات فراہم کرے گا۔

پاکستان کے تعلیمی بحران کا حل کسی ایک ادارے کے تنہا کام کرنے سے ممکن نہیں۔ اس کے لیے اداروں، کاروباری شعبے اور مقامی برادریوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، اور یہی وہ مقصد ہے جس کے حصول کے لیے یہ معاہدہ کیا گیا ہے۔‘‘

دونوں فاؤنڈیشنز آئندہ چند ہفتوں کے دوران منصوبے کے عملی امور کو حتمی شکل دیں گی، جبکہ پہلے پانچ ڈیجیٹل مائیکرو اسکولز کھولنے کی تیاریاں جاری ہیں۔

وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن کے بارے میں:

وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن (FEF) نجی شعبے کا ایک تعلیمی اقدام ہے، جسے کاروباری اور مقامی برادریوں کی قیادت کو متحرک کرکے اسکولوں سے باہر بچوں کو تعلیم کے دائرے میں لانے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر گوہر اعجاز کی سربراہی میں وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن ملک گیر تعلیمی نیٹ ورک کے قیام کے لیے ایک تنظیمی پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے، جس کی رہنمائی ایک ایسے بورڈ کے ذریعے کی جاتی ہے جس میں پاکستان کے چاروں صوبوں کی نمائندگی شامل ہے۔

ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن کے بارے میں:

ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن (TTWF) ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے، جس کی بنیاد 2016 میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر مبنی اور قابلِ توسیع تعلیمی نظام کے ذریعے عالمی تعلیمی بحران سے نمٹنے کے لیے رکھی گئی۔ اس کے کھیلوں کی طرز پر تیار کردہ خود سیکھنے کے پروگراموں کے ذریعے بچوں کو بنیادی خواندگی اور حساب کتاب کی تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ یہ پروگرام ٹیبلٹس اور اسمارٹ فونز کے ذریعے دستیاب ہیں، جس سے بچے جغرافیائی محل وقوع، جنس یا حالات سے قطع نظر تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔ ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن ایک وسعت پذیر ادارہ ہے، جس کا مقصد کسی بھی بچے کو اسکول سے باہر نہ رہنے دینا ہے۔ اس وقت فاؤنڈیشن پاکستان میں مائیکرو اسکولز چلا رہی ہے۔

zeeshan

Recent Posts

ملک بھر کے طلبہ ریاضی میں اوسطاً 38 فیصد اور سائنس میں 47 فیصد نمبر حاصل کر سکے، قومی مطالعے میں انکشاف

مذہبی اقلیتی طلبہ اور معذوری کے شکار بچوں سے متعلق تحقیقی نتائج بھی پیش کیے…

5 hours ago

روش اور چغتائی لیب کا اشتراک، پاکستان میں جدید اور مربوط تشخیصی نظام متعارف

روش ڈائیگناسٹکس پاکستان نے چغتائی لیب کے اشتراک سے لاہور میں چغتائی لیب کی پائن…

1 week ago

پاکستان میں روبوٹکس کی تعلیم تک رسائی بڑھانے کے لیے پائی اسپیس سائنس ایجوکیشن سینٹر کی توسیعی سرگرمیاں

پاکستان بھر میں پسماندہ طبقات، لڑکیوں اور معذور طلبہ کے لیے روبوٹکس کی تعلیم کے…

3 weeks ago

کوک اسٹوڈیو Nu.WAV کا پانچواں گانا ’’قسم‘‘ ریلیز، شے گل اور افیوسک کی آوازوں کا منفرد امتزاج

کوک اسٹوڈیو Nu.WAV نے اپنے چھٹے اور آخری میوزیکل ریلیز سے قبل پانچواں گانا ’’قسم‘‘…

3 weeks ago