Categories: Educationنیوز

ملک بھر کے طلبہ ریاضی میں اوسطاً 38 فیصد اور سائنس میں 47 فیصد نمبر حاصل کر سکے، قومی مطالعے میں انکشاف

مذہبی اقلیتی طلبہ اور معذوری کے شکار بچوں سے متعلق تحقیقی نتائج بھی پیش کیے گئے، برطانیہ کے مالی تعاون سے جاری تحقیقی کنسورشیم کی اختتامی تقریب اے کے یو میں منعقد

ملک گیر مطالعے میں پاکستان کے طلبہ نے ریاضی میں اوسطاً 38 فیصد جبکہ سائنس میں 47 فیصد نمبر حاصل کیے۔ آغا خان یونیورسٹی (AKU) میں پیش کیے گئے اس مطالعے کے نتائج کے مطابق محققین نے کلاس روم میں تدریس کے معیار کو بہتر بنانے اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سائنس اور ریاضی کی تدریس اور تعلیمی نتائج سے متعلق یہ مطالعہ آغا خان یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ (IED) نے اپنے تحقیقی شراکت داروں کے ہمراہ ڈیٹا اینڈ ریسرچ اِن ایجوکیشن – ریسرچ کنسورشیم (DARE-RC) کے اختتامی اجلاس میں پیش کیا۔ یہ ساڑھے تین سالہ قومی تحقیقی پروگرام برطانیہ کے ادارے یو کے انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کے مالی تعاون سے جاری تھا۔ اس موقع پر پیش کیے گئے دیگر 44 تحقیقی اور ابتدائی جائزے کے مقالوں میں مذہبی اقلیتی طلبہ کو تعلیمی مواقع سے محرومی، عام اسکولوں میں معذوری کے شکار بچوں کو درپیش رکاوٹوں، بنیادی سطح پر تدریسی عمل کو مضبوط بنانے اور تعلیم کے شعبے میں سرکاری و نجی شراکت داری سے پیدا ہونے والے مواقع اور معیار سے متعلق مسائل پر بھی توجہ دی گئی۔

واضح رہے کہ ٹیسٹ کے نتائج ان بچوں کی تعلیمی کارکردگی کی عکاسی کرتے ہیں جو اسکولوں میں زیرِ تعلیم ہیں۔ وفاقی وزارتِ تعلیم کی جانب سے اپریل 2025 میں جاری کردہ پاکستان ایجوکیشن اسٹیٹسٹکس رپورٹ 2023-24 کے مطابق پاکستان میں تقریباً ڈھائی کروڑ بچے مکمل طور پر اسکولوں سے باہر ہیں۔

آئی ای ڈی کے

 ڈاکٹر فرید پنجوانی، ڈین، آغا خان یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ (IED) نے کہا’’ DARE-RCایک منفرد منصوبہ تھا، جس میں محققین کو اپنی تحقیق کے لیے خود موضوعات اور خیالات پیش کرنے کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ یہ اس منصوبے کی بڑی خوبیوں میں سے ایک ہے، جسے امید ہے کہ وسیع پیمانے پر اپنایا جائے گا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’’کنسورشیم کے اختتام کے ساتھ ڈینز فورم کا قیام ایک ایسا راستہ فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے علمی تحقیق کو قومی اصلاحاتی ترجیحات سے منسلک رکھا جا سکتا ہے اور ان ترجیحات کی آئندہ سمت متعین کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔‘‘

تقریب میں پالیسی سازوں، محققین، تعلیمی شعبے کے رہنماؤں اور ترقیاتی شراکت داروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر کنسورشیم کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ تحقیقی نتائج کو پالیسی سازی اور کلاس روم میں تدریسی عمل کا حصہ کیسے بنایا جا سکتا ہے۔

کنسورشیم کے اختتام کے بعد بھی اس تحقیقی کام کو جاری رکھنے کے لیے ڈینز فورم کے نام سے ایک قومی پلیٹ فارم قائم کیا گیا ہے۔ اس فورم میں پاکستان بھر کی جامعات کے شعبہ ہائے تعلیم کے ڈینز اور سربراہان کو ایک جگہ جمع کیا جائے گا تاکہ تحقیق کی بنیاد پر پالیسی سے متعلق مکالمے کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے، باہمی تعاون کو فروغ دیا جا سکے اور تعلیمی اصلاحات کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھایا جا سکے۔

آکسفورڈ پالیسی مینجمنٹ کی قیادت میں آغا خان یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ (آئی ای ڈی) اور سائٹ سیورز انٹرنیشنل کے اشتراک سے شروع کیے گئے DARE-RC نے قومی اور بین الاقوامی محققین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا تاکہ مقامی ضروریات کے مطابق مؤثر حل تلاش کیے جا سکیں اور مقامی پالیسی سازوں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ تحقیقی اشاعتوں کے ذریعے عالمی سطح پر تعلیمی پالیسی کے مباحثے میں بھی اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔ اس پروگرام میں دو مشترکہ موضوعات، ’معلومات کا مؤثر استعمال‘ اور ’قابلِ توسیع حل‘ بھی شامل ہیں، جن کا مقصد تحقیق کے چاروں ترجیحی شعبوں میں معیار، جامعیت اور مؤثر نتائج کو یقینی بنانا ہے۔

اس موقع پر DARE-RC’ کے بعد تحقیقی اثرات کو برقرار رکھنا‘ کے موضوع پر ایک پینل مباحثہ بھی منعقد ہوا، جس کی نظامت ڈاکٹر ساجد علی نے کی۔ پینل میں آغا خان یونیورسٹی کے آئی ای ڈی سے ڈاکٹر فرید پنجوانی اور ڈاکٹر دلشاد اشرف، وزارتِ تعلیم کے پریم ساگر، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن سے میمونہ شاہ اور دربین سے ڈاکٹر فوزیہ شمیم شامل تھے۔ پینلسٹس نے پالیسی سازی میں تحقیقی نتائج کو تیزی سے شامل کرنے، اداروں کی سطح پر ان کی ذمہ داری اور شمولیت کو مضبوط بنانے اور تحقیق پر مبنی اصلاحات کے طویل المدتی تسلسل کو یقینی بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

تقریب کے دوران منعقدہ ریسرچ گیلری واک میں DARE-RC کے تحت کیے گئے مختلف مطالعات بھی پیش کیے گئے، جن میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے تعلیمی اداروں کی تیاری، تعلیمی معلومات کے نظم و نسق اور بنیادی سطح پر تدریسی معیار کے لیے وضع کردہ معیارات سے متعلق تحقیق شامل تھی۔

zeeshan

Recent Posts

روش اور چغتائی لیب کا اشتراک، پاکستان میں جدید اور مربوط تشخیصی نظام متعارف

روش ڈائیگناسٹکس پاکستان نے چغتائی لیب کے اشتراک سے لاہور میں چغتائی لیب کی پائن…

1 week ago

پاکستان میں روبوٹکس کی تعلیم تک رسائی بڑھانے کے لیے پائی اسپیس سائنس ایجوکیشن سینٹر کی توسیعی سرگرمیاں

پاکستان بھر میں پسماندہ طبقات، لڑکیوں اور معذور طلبہ کے لیے روبوٹکس کی تعلیم کے…

3 weeks ago

کوک اسٹوڈیو Nu.WAV کا پانچواں گانا ’’قسم‘‘ ریلیز، شے گل اور افیوسک کی آوازوں کا منفرد امتزاج

کوک اسٹوڈیو Nu.WAV نے اپنے چھٹے اور آخری میوزیکل ریلیز سے قبل پانچواں گانا ’’قسم‘‘…

3 weeks ago