سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حج برائے سال 2022 کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری اور پالیسی گائیڈ لائن جاری کی ہے جس کے تحت 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد پر اس سال حج کے لئے پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر سے حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہچنے والے عازمین حج کے لئے اس پر عمل لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عازمین حج کے لیے سعودی وزارت صحت کی جانب سے منظور کردہ کورونا ویکسین لگوانا لازمی ہے۔ سعودی عرب سفر کرنے سے 48 گھنٹے قبل عازمین حج کو منفی کورونا ٹیسٹ لازمی ہوگا اور پالیسی گائیڈ لائن پر عمل نہ کرنے پر ایئر لائنز پر بھی سخت جرمانہ ہوگا، جبکہ حج آپریشن کے دوران ایئرلائنز کو دیئے گئے فلائٹ سلاٹ کی خلاف ورزی پر کارروائی سعودی ایوی ایشن ایکٹ کے تحت ہوگی۔
واضح رہے کہ دو برس تک کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث محدود حج کے بعد سعودی عرب نے اس سال عازمین حج کی تعداد 10 لاکھ تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران صرف سعودی عرب میں رہنے والے چند ہزار عازمین کو ہی فریضہ حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ عازمین حج کی تعداد میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے بعض ضابطوں کا بھی اعلان کیا۔ وزارت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کے مقدس ترین شہر مکہ میں صرف ایسے عازمین حج کو آنے کی اجازت دی جائے گی جنہوں نے کووڈ انیس کے دونوں ویکسین لگوالیے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی عمر 65 برس سے کم ہونی چاہئے۔
مزید برآں ، سعودی حکومت سالانہ ہر ملک کو مسلمانوں کی آبادی کے تناسب سے حج کوٹہ مختص کرتی ہے جس کے مطابق اس سال سب سے زیادہ مسلمان انڈونیشیا سے حج کے لئے آئیں گے۔انڈونیشیا سے زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ 51 افراد کو حج کے لئے آنے کی اجازت ہوگی۔انڈونیشیا کے بعد جس ملک سے سب سے زیادہ عازمین حج کو آنے کی اجازت دی گئی ہے وہ پاکستان ہے۔
پاکستان سے زیادہ سے زیادہ 81 ہزار 132 افراد حج کیلئے جاسکیں گے۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیش کا حج کوٹہ 57 ہزار585، نائجیریا کا 43 ہزار 8 ہے۔ افغانستان کا حج کوٹہ 13ہزار 582 اور ترکی کا 37ہزار 770 ہے۔برطانیہ کاکوٹہ 12 ہزار 348،امریکہ 9 ہزار 504 اور فرانس کا حج کوٹہ 9 ہزار268 ہے۔افریقی ملک انگولا سے سب سے کم صرف 23 افراد فریضہ حج کے لئے جاسکیں گے۔ اس سال غیر ملکی عازمین حج کی تعداد 8 لاکھ 50 ہزار جبکہ مقامی افراد کی تعداد ایک لاکھ 50 ہزار ہوگی۔ غیر ملکی کوٹے میں اس سال 45.2 فیصد کمی کی گئی ہے جس کی وجہ عالمی وبا کورونا وائرس ہے۔ کورونا وائرس سے قبل ہر ملک کا کوٹہ اس سے زیادہ ہوتا تھا۔ 2020 میں پاکستان کا حج کوٹہ تقریباً ایک لاکھ 79 ہزار 210 تھا۔
علاوہ ازیں، اس سال دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج میں ایک ایسا نوجوان بھی ہے جس نے حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچنے کے لیے جہاز کے بجائے اپنی سائیکل کا انتخاب کیا ہے۔ اس افغانی نوجوان نور احمد کو کسی قسم کے مالی وسائل کی کمی کا سامنا نہیں بلکہ سائیکل پر حج کا سفر کرنا اس کی اپنی خواہش ہے۔اپنے اس فیصلے سے متعلق اس کا کہنا ہے کہ ’میں نے حج کے لیے یہ سفر خود سے کرنے کا ارادہ کیا ہے اور میں یہ اللہ تعالیٰ کے حکم کو پورا کرنے کے لیے کررہا ہوں’۔
کراچی،14 اپریل 2025: پاکستان میں نفسیاتی تجزیاتی سوچ کو فروغ دینے کی ایک پرعزم کوشش…
سوئی سدرن گیس لمیٹڈ کمپنی نے رمضان المبارک میں گھریلو صارفین کیلیے گیس کی لوڈشیڈنگ…
کراچی سمیت سندھ بھر میں اس سال نویں اور دسویں جماعت کا شیڈول تبدیل کر…
فروری سال کا وہ مہینہ ہے جو محض 28 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے اور…
پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے چیمپئنز ٹرافی کے اگلے راؤنڈ تک جانے کا سفر مشکل ہوچکا…