اللہ تعالیٰ نے خانہ کعبہ کو عظمت اور حرمت سے نوازا ہے۔ اسلامی تاریخ کی بدولت اللہ کا یہ گھر مسلمانوں کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے، اس کی اہمیت اس قدر زیادہ ہے کہ مسلمان چاہے دنیا کے کسی بھی حصؔے میں ہوں اور وہ کسی بھی جگہ نماز ادا کریں لیکن ان کا رُخ بیت اللہ یعنی خانہ کعبہ کی سمت ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے باعث حفاظتی انتظامات کے تحت خانہ کعبہ کے اردگرد عارضی بیریئرز لگا دئیے گئے تھے جنہیں اب ڈھائی سال بعد ہٹادیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حرمین شریفین امور کے نگراں ادارے کے مطابق کعبتہ اللہ کے اردگرد لگائی گئی رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں۔ یہ رکاوٹیں ڈھائی سال قبل کورونا کے باعث نصب کی گئی تھیں۔سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اب عازمین کعبتہ اللہ کو چھو سکیں گے،حجراسود کو بوسہ دے سکیں گے اورحطیم میں داخل ہوسکیں گے۔ رکاوٹیں ہٹنے کے بعد عازمین کی بڑی تعداد نے خانہ کعبہ کوچھو کر دعائیں کی اور نماز اور نوافل ادا کئے۔
خانہ کعبہ کے اردگرد رکاوٹوں کو حرمین شریفین امور کے نگراں ادارے کے صدر شیخ عبدالرحمٰن السدیس کے حکم پر ہٹایا گیا ہے۔ حرمین شریفین کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تصاویر و ویڈیوز میں کہا گیا کہ ’کورونا وائرس کے باعث احتیاطی تدابیر کے ڈیڑھ برس کے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے اماموں نے نمازیوں کو صفیں سیدھی کرنے اور فاصلہ ختم کرنے کی ہدایت کی’۔
اس سے قبل سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ احتیاطی تدابیر میں نرمی لاتے ہوئے اور مکمل گنجائش کے ساتھ حرمین شریفین کھولنے کے حالیہ اعلان کے تناظر میں مسجد الحرام کی اندرونی و بیرونی راہداریوں سمیت مختلف مقامات سے سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے لیے نصب کی گئی علامتیں ہٹادی گئیں۔
ایک اور ٹوئٹ میں کہا گیا کہ فجر کی نماز کے دوران سماجی فاصلے کے بغیر نماز ادا کی گئی، اس حوالے سے پابندیاں ختم کردی گئیں اور مسجد الحرام کو مکمل گنجائش کے ساتھ کھول دیا گیا ہے۔ العربیہ کی رپورٹ کے مطابق پابندیوں میں نرمی کے بعد مسجد الحرام میں کارکنان اور زائرین کی مکمل حاضری کی اجازت دی گئی ہے لیکن تمام افراد کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ جبکہ اعتمرنا یا توكلنا موبائل ایپ کے ذریعے عمرے اور نماز کے لیے وقت کے تعین کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ مارچ 2020ء میں سعودی عرب نے ابتدائی طور پر مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں نمازِ عشاء کے ایک گھنٹے بعد سے نمازِ فجر سے ایک گھنٹہ قبل تک روزانہ بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں 21 مارچ کو سعودی عرب کے حکام نے کورونا وائرس کے باعث جمعہ اور پانچوں وقت کی نماز میں مسجدوں میں تعداد کم کرنے کے اقدامات کرتے ہوئے مسجد نبوی سمیت دیگر مساجد کے دروازے عام نمازیوں کے لیے بند کردئیے تھے۔
علاوہ ازیں ، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی رواں برس سعودی عرب کے سرکاری مہمان کی حیثیت سے فریضہ حج کی ادائیگی کی۔ شعیب اختر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شئیر کی جس میں وہ مکہ کلاک ٹاور کی بالائی منزل منظر پر موجود ہیں۔ تاہم شئیر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں شعیب اختر نے لکھا کہ “مکہ کلاک ٹاور کی چوٹی سے خانہ کعبہ کا منظر سبحان اللہ!”۔
کراچی،14 اپریل 2025: پاکستان میں نفسیاتی تجزیاتی سوچ کو فروغ دینے کی ایک پرعزم کوشش…
سوئی سدرن گیس لمیٹڈ کمپنی نے رمضان المبارک میں گھریلو صارفین کیلیے گیس کی لوڈشیڈنگ…
کراچی سمیت سندھ بھر میں اس سال نویں اور دسویں جماعت کا شیڈول تبدیل کر…
فروری سال کا وہ مہینہ ہے جو محض 28 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے اور…
پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے چیمپئنز ٹرافی کے اگلے راؤنڈ تک جانے کا سفر مشکل ہوچکا…