زندگی کے نشیب و فراز سے گزرتا ہوا آخر کار سال 2020 اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے، رواں برس تاریخ میں خوشیوں سے زیادہ غموں اور تلیخیوں کے لئے یاد رکھا جائے گا۔ اس سال پاکستان کے علاوہ کئی معروف شخصیات ہمیں چھوڑ کر جہان فانی سے کوچ کر گئیں۔ لیکن ان کی سیاسی، سماجی ،فنی اور پیشہ وارانہ خدمات کی وجہ سے ہم ان شخصیات کو کبھی بھلا نہیں سکیں گے۔
جسٹس(ر) فخرالدین جی ابراہیم
معروف قانون دان، سابق اٹارنی جنرل اور سابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم 7 جنوری 2020 کو 91 برس کی عمر میں اس دنیائے فانی سے رخصت ہوگئے۔
سابق میئر کراچی نعمت اللہ خان
طویل عرصے سے علیل سابق ناظمِ کراچی نعمت اللّٰہ خان ایڈووکیٹ 89 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ 2001 سے جون 2005 تک کراچی کے میئر رہنے والے نعمت اللہ خان کافی عرصے سے علیل تھے۔ وہ پیشے کے اعتبار سے وکیل اور الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر بھی رہے۔
کامیڈین مزاحیہ اداکار امان اللہ
ملک کی شوبز انڈسٹری کا بڑا نام اور کامیڈین لیجنڈ، مزاح کے شہنشاہ اور تھیٹر کے بادشاہ امان اللہ 6 مارچ 2020 کو 70 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ پاکستان کے عظیم مزاحیہ فنکار امان اللہ تقریباً ایک سال سے پھیپھڑوں سمیت دیگر امراض میں مبتلا تھے اور لاہور کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان اور دیگر شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔
معروف اداکار اطہر شاہ خان جیدی
رواں برس مئی کے مہینے میں قہقہوں کی بارش تھم گئی ممتاز شاعر، ڈرامہ نگار اور معروف فن کار اطہر شاہ خان عرف “جیدی”10مئی 2020 کو دنیائے فانی سے کوچ کرگئے ان کی عمر 77 سال تھی۔ ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں 2001 میں انہیں حکومت پاکستان نے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا۔
سابق چیئرمین اعلیٰ تعلیمی بورڈ انوار احمد زئی
ماہر تعلیم اور ضیاء الدین تعلیمی بورڈ کے ڈائریکٹر پروفیسر انوار احمد زئی31 مئی 2020 کو علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 76سال تھی۔ انہوں نے میٹرک بورڈ، انٹر بورڈ کراچی اور میرپور خاص بورڈ کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے سابق ای ڈی او کراچی اور سابق ایڈیشنل سکریٹری تعلیم کے فرائض بھی انجام دئیے۔
اداکارہ صبیحہ خانم
ماضی کی خوبصورت، ہر دلعزیز اور معروف اداکارہ صبیحہ خانم 13 جون 2020 کو امریکا کے ایک اسپتال میں دوران علاج انتقال کرگئیں، ان کی عمر 84 برس تھی۔ انہوں نے اپنی لازوال اداکاری سے ہر کردار کو امر کردیا۔ ماضی کی نامور اداکارہ صبیحہ خانم نے کئی برس پہلے اداکاری کو خیرباد کہہ کر امریکہ میں اپنے بچوں کے پاس سکونت اختیار کرلی تھی۔
معروف ٹی وی کمپیئر طارق عزیز
دیکھتی آنکھوں، سنتے کانوں کو طارق عزیز کا آخری سلام، نیلام گھر سے شہرت پانے والے پاکستان کے مایہ ناز ٹی وی کمپیئر طارق عزیز 17جون 2020 کو خالق حقیقی سے جاملے ان کی عمر 84 برس تھی۔ طارق عزیز ادیب، شاعر اور سابق رکن قومی اسمبلی بھی تھے اس کے علاوہ انہوں نے کئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔
پی پی رہنما آیت اللہ درانی
پیپلزپارٹی کوئٹہ کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر آیت اللہ درانی 5جولائی کو انتقال کر گئے، ان کی عمر 64 برس تھی۔ وہ گزشتہ چند روز سے کوئٹہ کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ آیت اللہ درانی پارٹی کے نظریاتی اور وفادار کارکن تھے، ان کا انتقال پارٹی اور بلوچستان کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔
شاعر پروفیسر عنایت علی خان
ہر دم مسکراہٹیں بکھیرنے والے معروف شاعر اور استاد پروفیسر عنایت علی خان 26 جولائی کو خالق حقیقی سے جاملے۔ مرحوم کی عمر 85 برس تھی اور وہ کئی ماہ سے علیل تھے۔ وہ 1935 میں بھارتی ریاست ٹونک میں پیدا ہوئے تھے، اور نومبر 1948 میں ہجرت کے بعد سندھ کے شہر حیدرآباد میں سکونت اختیار کی۔
معروف اداکار مرزا شاہی
پاکستانی فلم اور ڈراما انڈسٹری کے نامور اور سینئر اداکار مرزا شاہی عالمی وباءکورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔ نادانیاں کے “چاچا کمال” کی عمر 70 سال تھی۔ معین اختر کے ساتھ ان کا ڈرامہ عید ٹرین بھی مداحوں میں کافی مقبول رہا مرزا شاہی “چکوری”, ”چھوٹے صاحب” اور “نوکر وٹی دا” جیسی فلموں میں بھی کام کرچکے ہیں۔
تائیکوانڈو پلیئر ماہم آفتاب
پنجاب کے شہر وہاڑی سے تعلق رکھنے والی تائیکوانڈو پلیئر ماہم آفتاب 23اکتوبر کو انتقال کرگئیں، وہ برین ٹیومرکے علاج کے سلسلے میں شوکت خانم اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ ماہم آفتاب نے نیشنل و انٹرنیشل سطح پر تائیکوانڈو میں پاکستان کی نمائندگی کی، انہیں “دختر وہاڑی” کے لقب سے بھی پکارا جاتا تھا۔
فلم ساز اقبال کاشمیری
پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر ہدایتکار اور کئی کامیاب فلموں کے خالق اقبال کاشمیری 15 نومبر انتقال کرگئے۔ ان کے اہلِ خانہ کےمطابق انہیں گردوں کا عارضہ لاحق تھا اور وہ گزشتہ ہفتے سے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ 1942 میں لاہور میں پیدا ہونے والے پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈ ہدایت کار اقبال کاشمیری نے ٹیکسی ڈرائیور، بابل، ضدی، اور بلیک وارنٹ سمیت لاتعداد اردو اور پنجابی فلموں کی ہدایت کاری دی تھی۔
نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر
سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر 22 نومبر کو لندن میں انتقال کر گئیں، ان کی عمر 93 برس تھی، وزیر اعظم عمران خان نے نواز شریف اور شہباز شریف سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ خان جمالی
سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ جمالی 2 دسمبر کو اسلام آباد کے ایک اسپتال میں خالق حقیقی سے جاملے، ان کی عمر 76 برس تھی۔ میر ظفر اللہ خان جمالی کو بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پہلے منتخب وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی حاصل رہا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت ملک تمام اہم شخصیات نےان کے انتقال پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
تاجر رہنما سراج قاسم تیلی
معروف تاجر رہنما سراج قاسم تیلی 8 دسمبر کو دل کا دورہ پڑنے سے دبئی میں انتقال کرگئے۔ وہ دبئی میں طبیعت خراب ہونے پر اسپتال میں زیر علاج تھے۔ سراج قاسم تیلی کی عمر 67 برس تھی، مرحوم کے سوگواران میں اہلیہ، بیٹا اور بیٹی شامل ہیں۔
سینئر اداکارہ فردوس بیگم
فلم ہیر رانجھا فلم سمیت 150 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی نامور اداکارہ فردوس بیگم اپنے خالق حقیقی سے جاملیں۔ ان کی وفات 16دسمبر کو لاہور میں برین ہیمرج کے سبب ہوئی ۔ماضی کی اداکارہ فردوس بیگم کی عمر 73 برس تھی اور انہوں نے پسماندگان میں 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑا ہے۔
اس کے علاوہ اگر عالمی سطح پر بات کریں تو معروف باسکٹ بال کھلاڑی کوبے برائنٹ، سپر اسٹار رشی کپور، سابق آسٹریلوی بلے باز اور پاکستان سپر لیگ کےکوچ ڈین جونز، ارجنٹائن کی فٹبال کےعظیم کھلاڑی ڈیاگو میراڈونا، انڈین اداکار عرفان خان، سوشانت سنگھ راجپوت سمیت دیگر شامل ہیں۔
کراچی،14 اپریل 2025: پاکستان میں نفسیاتی تجزیاتی سوچ کو فروغ دینے کی ایک پرعزم کوشش…
سوئی سدرن گیس لمیٹڈ کمپنی نے رمضان المبارک میں گھریلو صارفین کیلیے گیس کی لوڈشیڈنگ…
کراچی سمیت سندھ بھر میں اس سال نویں اور دسویں جماعت کا شیڈول تبدیل کر…
فروری سال کا وہ مہینہ ہے جو محض 28 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے اور…
پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے چیمپئنز ٹرافی کے اگلے راؤنڈ تک جانے کا سفر مشکل ہوچکا…