پاکستان ٹیلی ویژن کے مشہور مزاحیہ پروگرام ‘ففٹی ففٹی’ سے شہرت حاصل کرنیوالے مزاحیہ اداکار اسماعیل تارا کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔ ان کے بیٹے نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسماعیل تارا گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور کئی دنوں سے کافی علیل تھے۔مرحوم نے سوگواران میں ایک بیوہ، چار بیٹے اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔
اسماعیل تارا کی عمر 73 سال تھی، وہ 16 نومبر 1949 کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے انہوں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز تھیڑ اور اسٹیج سر گرمیوں سے کیا تھا۔ تاہم انہیں غیر معمولی شہرت اور پسندیدگی پی ٹی وی کے مزاحیہ سلسلہ ‘ففٹی ففٹی’ سے حاصل ہوئی تھی، ماجد جہانگیر اور زیبا شہناز کے ساتھ ان کی جوڑی بہت مشہور ہوئی۔
اسماعیل تارا نے ٹی وی اور اسٹیج سمیت 14 پاکستانی فلموں میں بھی کام کیا، فلم ہاتھی میرے ساتھی، آخری مجرا، منڈا بگڑا جائے اور چیف صاحب پر ان کو نگار ایوارڈ ملا، فلم چیف صاحب اور فلم دیواریں میں کام کرنے پر بھی مرحوم کو نگار ایوارڈ دیا گیا۔اس کے علاوہ بھی انہوں نے متعدد ڈراموں، فلموں اور تھیٹر میں لازوال کردار ادا کیے۔
اداکاراسماعیل تارا کے انتقال پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے مرحوم کی اداکاری اور مزاح کے شعبے میں خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ اسماعیل تارا ایک اچھے اداکار اور کامیڈین تھے، انہوں نے اپنی اداکاری سے مسکراہٹیں اور خوشیاں بکھیریں ہیں۔اس موقع پر صدر مملکت نے غمزدہ خاندان سے اظہارِ ہمدردی اور مرحوم کے لئے دعائے مغفرت بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی معروف ٹی وی اور فلم اداکار اسماعیل تارا کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سوگوار خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے انہوں نے مرحوم کی روح کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم اسماعیل تارا کامیڈی میں منفرد مقام رکھتے تھے جنہوں نے ملک میں کامیڈی کو بطور فن مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ان کی اداکاری نے پاکستان ٹیلی ویژن اور فلم کے ناظرین کے ذہنوں پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں اور خاص طور پر پی ٹی وی کے پروگرام ففٹی ففٹی میں اسماعیل تارا کی اداکاری ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
مزید پڑھیں: شوبز کی معروف شخصیت ٹونی نوید رشید انتقال کرگئے
دریں اثناء، وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے معروف اسٹیج اور ٹی وی اداکار اسماعیل تارا کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسماعیل تارا نے کئی اسٹیج ڈراموں، ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں شاندار پرفارمنس پیش کی جن میں ففٹی ففٹی، ربڑ بینڈ، ون وے وکٹ اور دیگر شامل ہیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
خیال رہے کہ چند دن قبل شوبز انڈسٹری سے وابستہ مشہور مزاحیہ شخصیت ٹونی نوید رشید بھی لاہور میں انتقال کرگئے،ان کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ان کے اچانک انتقال پر شوبز شخصیات سمیت مداحوں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
کراچی،14 اپریل 2025: پاکستان میں نفسیاتی تجزیاتی سوچ کو فروغ دینے کی ایک پرعزم کوشش…
سوئی سدرن گیس لمیٹڈ کمپنی نے رمضان المبارک میں گھریلو صارفین کیلیے گیس کی لوڈشیڈنگ…
کراچی سمیت سندھ بھر میں اس سال نویں اور دسویں جماعت کا شیڈول تبدیل کر…
فروری سال کا وہ مہینہ ہے جو محض 28 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے اور…
پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے چیمپئنز ٹرافی کے اگلے راؤنڈ تک جانے کا سفر مشکل ہوچکا…