بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی منشیات کیس میں ضمانت منظور ہوگئی ہے اور انہیں ممبئی کی جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ آریان کی ضمانت مشہور بھارتی اداکارہ اور کنگ خان کی قریبی دوست جوہی چاولہ نے دی اور انہوں نے ہی ایک لاکھ روپے کے ضمانتی بانڈ پر دستخط کیے۔
واضح رہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی سے گوا جانے والے جہاز پر 3 اکتوبر کو چھاپہ مار کر 23 سالہ آریان کو 19 دیگر ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ وہ ساتھیوں سمیت مذکورہ کروز میں ڈرگ پارٹی کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق جوہی چاؤلہ ممبئی کی منشیات اور سائیکوٹرپک کی خصوصی عدالت میں جمعہ کے دن عدالت میں موجود تھیں اور انہوں نے ایک لاکھ بھارتی روپوں کے ضمانتی مچلکوں پر دستخط کیے اور اس طرح وہ آریان خان کی ضامن بنیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جوہی چاؤلہ نے عدالت کی طرف سے ضمانت کی شرائط کے بعد بانڈ پر دستخط کئے۔ اس سے قبل آریان خان کی ضمانت تین بار مسترد کی گئی اور بلآخر جوہی چاؤلہ کی شیورٹی دینے پر ضمانت کی منظوری ہوئی۔
آریان کی رہائی پر اداکارہ نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کو سب کے لئے ریلیف قرار دیا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمارا بچہ گھر آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی اس بات پر ہے کہ یہ معاملہ اب ختم ہوگیا ہے اور آریان بہت جلد گھر آجائے گا۔ آریان خان کے وکیل ستیش مان شیندے کا کہنا ہے کہ جوہی چاولہ آریان کو بچپن سے جانتی ہیں کیونکہ وہ ان کے والد کے ساتھ پیشہ ورانہ طور پر وابستہ رہی ہیں۔
خیال رہے کہ ممبئی ہائی کورٹ نے آریان کی ضمانت 28 اکتوبر کو منظور کی تھی لیکن انہیں ابتدائی طور پر رہا نہیں کیا گیا البتہ کاغذی کارروائی میں تاخیر کے سبب انہیں مزید دو راتیں جیل میں گزارنی پڑیں۔ ضابطوں کے مطابق ان کی ضمانت کے کاغذات شام ساڑھے پانچ بجے تک جیل کے لیٹر بکس میں پہنچ جانے چاہیے تھے۔ البتہ جمعے کے روز کاغذات مقررہ وقت گزرنے کے بعد پہنچے تھے جس کے بعد آریان خان سمیت ان کے دو دوستوں کو جیل سے رہائی ملی۔ کنگ خان کے بیٹے نے تقریباً 22 دن جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزارے۔
علاوہ ازیں ، آریان خان کو جب این سی بی کی ٹیم نے ممبئی کے ساحل سے کروز شپ سے ممنوعہ ادویات اور نشہ آور اشیاء رکھنے کے الزام میں حراست میں لیا تھا تو مبینہ طور پر ان کے پاس سے منشیات کی برآمدگی ہوئی جس میں 13 گرام کوکین، 5 گرام ایم ڈی، 21 گرام چرس اور ایم ڈی ایم اے کی 22 گولیاں ضبط کی گئیں جس کی مالیت 1,33,000 روپے تھی جس پر ان کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔ گرفتاری کے بعد پوچھ گچھ کے دوران آریان خان اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور روپڑے۔ پوچھ گچھ کے دوران یہ انکشاف بھی ہوا کہ کنگ خان کے بیٹے تقریباً چار سال سے منشیات کے عادی ہیں۔این سی بی ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ دبئی، برطانیہ اور دیگر ممالک میں رہتے ہوئے بھی وہ منشیات کا استعمال کرتے تھے۔
تاہم ، منشیات کیس میں رہائی کے بعد آریان خان جب باندہ میں واقع اپنے گھر ’منت‘ پہنچے تو وہاں شاہ رخ خان کے پرستار آریان کا استقبال کرنے کے لیے قطار میں موجود تھے۔ منت کے دروازے پر لوگوں نے ڈھول بجا کر اور پٹاخے پھوڑ کر ان کا استقبال کیا اور جشن منایا۔
کراچی،14 اپریل 2025: پاکستان میں نفسیاتی تجزیاتی سوچ کو فروغ دینے کی ایک پرعزم کوشش…
سوئی سدرن گیس لمیٹڈ کمپنی نے رمضان المبارک میں گھریلو صارفین کیلیے گیس کی لوڈشیڈنگ…
کراچی سمیت سندھ بھر میں اس سال نویں اور دسویں جماعت کا شیڈول تبدیل کر…
فروری سال کا وہ مہینہ ہے جو محض 28 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے اور…
پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے چیمپئنز ٹرافی کے اگلے راؤنڈ تک جانے کا سفر مشکل ہوچکا…