گلوکار علی سیٹھی اور شے گِل کی جانب سے کوک اسٹوڈیو سیزن 14 میں گائے گئے گانے ’پسوڑی‘ پوری دنیا میں مقبول ہورہا ہے اور اب اس گانے پر دنیا کی معروف ترین شخصیات بھی ویڈیوز بنانے لگی ہیں۔ بالی وڈ کے بعد اب ہولی وڈ پر بھی اس گانے کا جادو چھا گیا ہے اور معروف پاپ اسٹار برٹنی اسپیئرز نے بھی ’پسوڑی‘ گانے پر ویڈیو جاری کردی جو انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی۔
واضح رہے کہ اس گانے نے ریلیز ہوتے ساتھ ہی 24 گھنٹوں میں 10 لاکھ ویوز حاصل کر لئے تھے اور یوں یہ کوک اسٹوڈیو میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلا گانا بن گیا اور اب تک اس گانے کو یوٹیوب پر 29 ملین سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔جبکہ اس کے ریلیز ہونے کے بعد علی سیٹھی اور شائے گِل سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بھی ہوئے تھے۔ اس گانے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں افریقی اور عرب ممالک کے طرز کے سیٹ کو دکھایا گیا ہے جبکہ ویڈیو میں کلاسیکل ڈانسر شیما کرمانی بھی اس گانے میں محو رقص ہیں۔
لوگوں نے اس گانے کے کلاسیکل انداز کو بھی کافی پسند کیا ہے۔ گزشتہ دنوں یہ گانا میوزک اسٹریمنگ ویب سائٹ فائی کی عالمی وائرل ویڈیوز کی ٹاپ 50 فہرست میں تیسری پوزیشن پر بھی رہا۔ مذکورہ گانے نے کئی عالمی ریکارڈز اپنے نام کیے اور اسے نہ صرف بھارت بلکہ امریکا، برطانیہ، کینیڈا، مشرق وسطیٰ ممالک اور افریقہ میں بھی گایا گیا اور لوگوں نے اس پر ٹک ٹاک ویڈیوز بنائیں۔
اب امریکی پاپ اسٹار برٹنی اسپیئرز نے بھی ’پسوڑی‘ گانے پر ویڈیو جاری کردی جو انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی۔ برٹنی اسپیئرز نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر موجود ’منی کچن‘ نامی ایک بھارتی ویڈیو کریئٹر کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں ایک شخص کو کھلونے جیسے برتنوں میں’بٹن ڈوسا‘ (بھارت کی ایک روایتی ڈِش) بناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں’پسوڑی‘ سنا جاسکتا ہے۔ انہوں نے گانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شے گِل اور علی سیٹھی کو بھی مینشن کیا اور ان کی جانب سے مذکورہ ویڈیو شیئر کرنے پر ان کی تعریفیں کی گئیں۔
برٹنی اسپیئرز کی اس پوسٹ پر جہاں پاکستانی مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا وہیں گانے کے گلوکار اور موسیقار کی خوشی کی انتہا نہ رہی، زلفی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ‘یہ جان کر اچھا لگا کہ ہمارا گانا ایسی ثقافتوں، جگہوں اور لوگوں تک پہنچ گیا ہے، جنہوں نے پہلے کبھی ہماری موسیقی نہیں سنی! جبکہ اس گانے کے گلوکار علی سیٹھی نے برٹنی اسپیئرز کی پوسٹ پر خوشی اور حیرانی کے ملے جلے جذبات کا اظہار کیا۔
ان سے قبل ڈچ گلوکارہ ایما حیسڑز نے بھی ’پسوڑی‘ کو انگریزی زبان کے ساتھ ملاکر گانے کی ویڈیو شیئر کی تھی جو بے حد مقبول ہوئی تھی۔سوشل میڈیا صارفین نےڈچ گلوکارہ کی آواز میں پنجابی تلفظ کی بہترین ادائیگی پر ان کی خوب تعریفیں کیں۔
یاد رہے کہ علی سیٹھی نے اس گانے کی کامیابی کے بعد یہ انکشاف کیا تھا کہ انہیں گانے کے سیٹ پر کورونا ہوگیا تھا مگر زلفی نے سخت فیصلے کرتے ہوئے ان کے گانے کو تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔علی سیٹھی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ گانے کی شوٹنگ شروع ہونے سے محض 12 گھنٹے قبل انہوں نے ’پسوڑی‘ کی شاعری لکھ کر مکمل کی تھی۔
کراچی،14 اپریل 2025: پاکستان میں نفسیاتی تجزیاتی سوچ کو فروغ دینے کی ایک پرعزم کوشش…
سوئی سدرن گیس لمیٹڈ کمپنی نے رمضان المبارک میں گھریلو صارفین کیلیے گیس کی لوڈشیڈنگ…
کراچی سمیت سندھ بھر میں اس سال نویں اور دسویں جماعت کا شیڈول تبدیل کر…
فروری سال کا وہ مہینہ ہے جو محض 28 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے اور…
پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے چیمپئنز ٹرافی کے اگلے راؤنڈ تک جانے کا سفر مشکل ہوچکا…