فوزیہ عظیم المعروف قندیل بلوچ کے نام سے کون واقف نہیں ،وہ ماڈل اور اداکارہ ہونے کے ساتھ پاکستان کی پہلی سوشل میڈیا اسٹار تھیں جنہیں ان کے بولڈ لباس ،ویڈیوز ، خواتین کے حقوق کے لیے بات کرنے اور متنازع بیانات کے بعد غیر معمولی شہرت ملی اور 2016 میں وہ اپنے سگے بھائی محمد وسیم کے ہاتھوں غیرت کے نام پر قتل ہوگئیں تھیں۔ ان کی متنازع زندگی پر پاکستان میں ڈرامے سمیت دستاویزی فلم بھی بنائی جاچکی ہیں اور ان کی زندگی اور قتل ہوجانے پر کتابیں بھی لکھی گئی ہیں۔ اب بولی وڈ کی ایوارڈ یافتہ فلم فلمساز النکریتا شریواستو نے ان کی زندگی پر صنم مہر کی لکھی گئی کتاب پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک امریکی شوبز ویب سائٹ کے مطابق بھارتی فلمساز النکریتا شریواستو نے سوشل میڈیا کی مشہور شخصیت مقتول اداکارہ قندیل بلوچ کی زندگی پر مبنی فلم کی ہدایت کاری کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اس پروجیکٹ کو وکاس شرما اور سنی کھنہ پروڈیوس کرینگے۔ اس فلم کی تیاری کے لئےفلمساز اور پروڈیوسرز نے صنم مہر کی انگریزی کی کتاب ’سنسیشنل لائف اینڈ ڈیتھ آف قندیل بلوچ‘ کے حقوق حاصل کرلیے ہیں۔
اس حوالے سے النکریتا شریواستو کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ قندیل بلوچ کی زندگی کی کہانی پر متوجہ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب 2016 میں قندیل کا قتل ہوا تو اس نے مجھے صدمہ پہنچایا، یہ غیرت کے نام پر گھناؤنا قتل تھا، اس واقعے کے بعد سے میں قندیل کے بارے میں سوچنا بند نہیں کر پائی۔ ان کہنا تھا کہ میں نے قندیل بلوچ کی ویڈیوز کو دیکھنا شروع کیا، انہیں بار بار دیکھا اور ان ویڈیوز نے میری توجہ ان کی جانب مبذول کروائی۔
شریواستو نے قندیل بلوچ سے متعلق کہا کہ وہ ایک پرجوش اور زندگی سے بھرپور خاتون تھیں، ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والی اس غریب لڑکی نے خود کو مشہور بنانے کا راستہ خود بنایا۔اپنی فلم سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ فلم قندیل بلوچ کے دلیرانہ جذبے کی علامت ہے۔
بھارتی فلمساز اس سے پہلے ’لپ اسٹک انڈر مائی برقع، بامبے بیگمز، ڈولی، کٹی اور وہ چکمتے ستارے اور کھویا کھویا چاند‘ جیسی فلمیں بنارکھی ہیں۔ ان کو زیادہ تر خواتین کے مرکزی کرداروں یا خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنے والی فلمیں بنانے کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے۔ ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ قندیل بلوچ کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا اور اس میں کس اداکارہ کو پاکستانی سوشل میڈٰیا اسٹار کے کردار کے لیے کاسٹ کیا جائے گا۔ اس خبر کے سامنے آنے کے بعد کئی شوبز شخصیات کا کہنا ہے کہ بھارتی فلمساز النکریتا اس فلم کے لیے سب سے بہترین انتخاب ہیں کیونکہ وہ ایک ایوارڈ یافتہ ہدایت کار اور ایک ماہر نسواں ہیں جو قندیل کی صورتحال کو سمجھتی ہیں اور اس کی بہترین عکسبندی کرسکتی ہیں۔
یاد رہے کہ قندیل بلوچ کے قتل میں ان کے بھائی کو سزائے موت ہوئی تھی، تاہم رواں برس فروری میں والد کی جانب سے بیٹے کو معاف کیے جانے پر عدالت نے انہیں بری کردیا تھا۔ قندیل بلوچ کے قاتل بھائی کو بری کرنے کے فیصلے پر حکومت پاکستان نے درخواست دائر کرنے کا فیصلہ بھی کیا تھا جب کہ عوام نے بھی ان کی بریت پر غصے کا اظہار کیا تھا۔
کراچی،14 اپریل 2025: پاکستان میں نفسیاتی تجزیاتی سوچ کو فروغ دینے کی ایک پرعزم کوشش…
سوئی سدرن گیس لمیٹڈ کمپنی نے رمضان المبارک میں گھریلو صارفین کیلیے گیس کی لوڈشیڈنگ…
کراچی سمیت سندھ بھر میں اس سال نویں اور دسویں جماعت کا شیڈول تبدیل کر…
فروری سال کا وہ مہینہ ہے جو محض 28 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے اور…
پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے چیمپئنز ٹرافی کے اگلے راؤنڈ تک جانے کا سفر مشکل ہوچکا…