Agha Khan University
14 شعبہ جاتِ اطفال پر مشتمل 88 شواہد پر مبنی طبی رہنما اصولوں پر مشتمل مفت ڈیجیٹل ذریعہ
آغا خان یونیورسٹی (AKU) نے اے کے یو مینوئل آف پیڈیاٹرکس متعارف کرا دیا ہے جو مقامی طور پر تیار کیا گیا ایک مفت طبی رہنما (Clinical Resource) ہے۔ یہ رہنما “معالجین کی جانب سے، معالجین کے لیے” تیار کیا گیا ہے تاکہ پاکستان میں بچوں میں عام پائی جانے والی بیماریوں کی تشخیص اور علاج میں صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کی معاونت کی جا سکے۔
آغا خان یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف پیڈیاٹرکس اینڈ چائلڈ ہیلتھ کے اشتراک سے تیار کیے گئے اس مینوئل میں بچوں کے امراض سے متعلق شواہد پر مبنی رہنمائی فراہم کی گئی ہے، جو ماہرینِ اطفال، فیملی فزیشنز، میڈیکل آفیسرز، ریزیڈنٹس اور دیگر طبی ماہرین کے لیے مرتب کی گئی ہے۔ یہ مینوئل اے کے یو مینوئل کی ویب سائٹ اور موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے مفت دستیاب ہے۔
اس مینوئل کی رونمائی ایک تقریب میں کی گئی، جس میں وفاقی وزیر برائے قومی صحت، ضوابط و رابطہ کاری، سید مصطفیٰ کمال نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر سید مصطفیٰ کمال نے کہا”پاکستان کے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ایسے عملی، قابلِ عمل اور شواہد پر مبنی حل درکار ہیں جو ہمارے طبی ماہرین کی معاونت کریں۔ اے کے یو مینوئل آف پیڈیاٹرکس بچوں کی صحت کی دیکھ بھال کے معیار اور یکسانیت کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، اور میں اس قیمتی کاوش پر آغا خان یونیورسٹی کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔”
اس تقریب میں حکومت، تعلیمی اداروں، پیشہ ورانہ تنظیموں اور طبی شعبے سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے شرکت کی، جن میں پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن (PPA)، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC)، آرمڈ فورسز پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ (AFPGMI)، سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی (SICHN) کے نمائندے، ماہرینِ اطفال اور دیگر طبی پیشہ ور افراد شامل تھے۔
آغا خان یونیورسٹی کے سینٹر فار کلینیکل بیسٹ پریکٹسز اور ڈیپارٹمنٹ آف پیڈیاٹرکس اینڈ چائلڈ ہیلتھ کی جانب سے تیار کیے گئے اس مینوئل میں بچوں کے طب کے 14 ذیلی شعبوں (Pediatric Subspecialties) پر مشتمل 88 شواہد پر مبنی کلینیکل پریکٹس گائیڈ لائنز شامل ہیں۔ یہ مینوئل ماہرینِ اطفال، فیملی فزیشنز، ریزیڈنٹس، میڈیکل آفیسرز اور دیگر طبی ماہرین کے لیے تیار کیا گیا ہے، جس میں مریض کے بستر پر فوری استعمال کے قابل (Bedside-ready)، علاج کے مقام پر دستیاب (Point-of-Care) رہنمائی فراہم کی گئی ہے، جسے پاکستان کے مقامی حالات اور ضروریات کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے۔ اس کے ایڈیٹر اِن چیف آغا خان یونیورسٹی میڈیکل کالج کے سابق ڈین ڈاکٹر عادل ایچ حیدر ہیں۔
تقریب میں کلیدی خطابات (Keynote Addresses) اور ایک پینل مباحثہ بھی منعقد ہوا، جس میں بچوں کے علاج اور صحت کے نتائج کو بہتر بنانے میں مقامی طور پر تیار کردہ رہنما اصولوں کے کردار پر گفتگو کی گئی، جس کے بعد اس مینوئل کا باضابطہ ڈیجیٹل اجرا کیا گیا۔
آغا خان یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین نے کہا”اے کے یو مینوئل آف پیڈیاٹرکس ایک گہرے مقصد کی عکاسی کرتا ہے، اور وہ مقصد یہ ہے کہ بچوں کی دیکھ بھال کرنے والوں کے ہاتھوں میں قابلِ اعتماد علمی رہنمائی فراہم کی جائے۔ جب طبی فیصلے شواہد کی بنیاد پر کیے جائیں، عالمی سائنسی تحقیق سے رہنمائی حاصل کریں اور مقامی حقائق کے مطابق ہوں، تو ہم ایسے صحت کے نظام کے مزید قریب پہنچ جاتے ہیں جہاں ہر بچے کو زندگی اور بہتر صحت کا زیادہ منصفانہ موقع حاصل ہو۔”
آغا خان یونیورسٹی میں ڈیپارٹمنٹ آف پیڈیاٹرکس اینڈ چائلڈ ہیلتھ کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر فیضہ جہاں نے کہا”سائنس عالمگیر ہوتی ہے، لیکن اس کا عملی اطلاق ہمیشہ مقامی حالات کے مطابق ہوتا ہے۔ جب دنیا کے دیگر حصوں میں پیدا ہونے والے شواہد کو پاکستان میں استعمال کرنا ہو تو انہیں مقامی تناظر میں سمجھنا، ڈھالنا اور ان پر اعتماد پیدا کرنا ضروری ہوتا ہے۔ ہمارا یہ مینوئل اسی خلا کو پُر کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔”
یہ مینوئل موبائل ایپلی کیشن اور یونیورسٹی کی ویب سائٹ کے ذریعے مفت دستیاب ہے۔
ڈاؤن لوڈ کریں:
پانچ سالہ اس اسٹریٹجک تعاون کے تحت خصوصی تعلیمی ضروریات (SEN) یونٹ قائم کیا جائے…
پاکستان کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں، گلگت بلتستان، صنعت، ریگولیٹری اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں…
پاکستان کی معروف پبلک ریلیشنز اور کارپوریٹ کمیونیکیشنز فرم زینتھ پی آر (Xenith PR) نے…
وفاقی وزیر برائے قومی صحت خدمات، ضوابط و رابطہ، سید مصطفیٰ کمال نے نیشنل انسٹی…
• پاکستان میں %82 صارفین نے خریداری میں مدد کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (Artificial…
لاہور/ہنزہ (نمائندہ خصوصی) برٹش کونسل پاکستان اور پاکستان کے عالمی میوزک پلیٹ فارم ’’ہمنوا‘‘ نے…