وزیراعظم کا زیادتی کے مجرمان کو نامرد بنانے کا قانون لانے کی اجازت

ملک میں عصمت دری کے واقعات ، بدکاری ، زیادتی اور بچوں سے بدسلوکی کے بڑھتے ہوئے گھناؤنے جرائم کی روک تھام کے لئے وزیر اعظم عمران خان نے ملزمان کے لئے کاسٹریشن (نامرد بنانے)کے قانون کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں بڑھتے ہوئے زیادتی کے واقعات کی روک تھام کیلئے قانون سازی پر بحث کی گئی۔ بعد ازاں، اس اجلاس میں مجرمان کی سخت سزاﺅں پر مشتمل سفارشات کی منظوری دے دی گئی جبکہ زیادتی کے مجرمان کیلئے کیسٹریشن کا قانون لانے کی بھی منظوری دیدی گئی ہے۔

Image Source: Twitter

وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سنگین نوعیت کا معاملہ ہے، قانون سازی میں کسی قسم کی تاخیر نہیں کریں گے، عوام کے تحفظ کیلئے واضح اور شفاف انداز میں قانون سازی ہوگی، یقینی بنایا جائے گا کہ سخت سے سخت قانون کا اطلاق ہو۔

اس اجلاس میں کچھ وزراء نے زیادتی کے مجرمان کو پھانسی کی سزا قانون کا حصہ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ زیادتی کے مجرمان کو سرعام پھانسی دی جائے۔ اس موقع پر عمران خان نے رائے دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر کیسٹریشن کے قانون کی طرف جانا ہوگا۔

Image Source: Facebook

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قانونی ٹیم نے ریپ قانون آرڈیننس کے مسودہ پر کام مکمل کرلیا ہے، خواتین پولیسنگ، فاسٹ ٹریک مقدمات، گواہوں کا تحفظ بنیادی حصہ ہوگا، متاثرہ خواتین یا بچے بلاخوف وخطر اپنی شکایات درج کراسکیں گے، متاثرہ خواتین و بچوں کی شناخت کے تحفظ کا خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا ، “ہمیں اپنے شہریوں کے لئے محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے”۔

خواتین اور بچوں کے ساتھ عصمت دری کے واقعات کو روکنے کے لئے وفاقی کابینہ نے اصولی طور پر مجرموں کو سخت سے سخت سزا دینے کی منظوری دی ہے اور حکومت جلد قانون پر عمل درآمد کرے گی ۔اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے ٹوئٹر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانون جلد پارلیمنٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بچوں اور خواتین سے زیادتی کرنے والے وحشی درندوں کے خلاف سخت سے سخت سزاؤں، اسپیشل پولیسنگ, فاسٹ ٹریک مقدمات، گواہوں اور متاثرین کو تحفظ, ریپسٹ کا ڈیٹا بینک, فوری اور تیز رفتار تفتیش اور دیگر نکات پر مبنی مسودہ تیار کر لیا گیا ہے اور پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد جلد ہی اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ قصور کی ننھی زینب اور رواں سال لاہور میں موٹر وے پر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعےنے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا اور ہر خاتون خود کو غیر محفوظ تصور کر نے لگی جس کی وجہ سے ہر فورم پر لوگوں نے خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے آواز بلند کی اور اس طرح عصمت دری کے واقعات کو روکنے کے لئے ملک میں مربوط قوانین کے اطلاق کے لئے ایک نئی بحث کو جنم دے دیا۔ اس حوالے سے قانون سازوں نے خواتین کا جنسی استحصال اور بچوں کے ساتھ زیادتی اور پھر قتل کے مجرموں کو سرعام پھانسی دینے کے لئے قانون سازی بھی کی لیکن اس قانون پر کوئی پیش رفت نہیں ہوپائی۔ تاہم، اس سلسلے میں زیادتی کے مجرمان کیلئے کیسٹریشن کے قانون کا نفاذ حکومت کا اہم اقدام ہے۔

Ahwaz Siddiqui

Recent Posts

ڈاکٹر ادیب رضوی کو عالمی طبی اعزاز سے نوازا گیا

کراچی، 12 اپریل:  جنوبی ایشیا کے خطہ میں طب کے میدان میں گراں قدر خدمات خدمات…

1 month ago

پاکستان میں نفسیاتی تجزیے کے مستقبل کی تلاش

کراچی،14 اپریل 2025: پاکستان میں نفسیاتی تجزیاتی سوچ کو فروغ دینے کی ایک پرعزم کوشش…

1 month ago

شوگر کے مریض رمضان المبارک کے روزے کیسے رکھیں؟

ماہ صیام کے دوران’ روزہ رکھنا ‘ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے لیکن روزے کے…

3 months ago

رمضان میں سوئی گیس کی ٹائمنگ کیا ہوگی؟

سوئی سدرن گیس لمیٹڈ کمپنی نے رمضان المبارک میں گھریلو صارفین کیلیے گیس کی لوڈشیڈنگ…

3 months ago

سندھ میں نویں دسویں جماعت کے امتحانات کب ہونگے؟

کراچی سمیت سندھ بھر میں اس سال نویں اور دسویں جماعت کا شیڈول تبدیل کر…

3 months ago

فروری میں 28 دن کیوں ہوتے ہیں؟

فروری سال کا وہ مہینہ ہے جو محض 28 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے اور…

3 months ago