رشتے میں چاہت کے ساتھ اگر احساس بھی شامل ہو جائے تو ایسے رشتے موت کے بعد بھی امر ہوجاتے ہیں اور دوسروں کے لئے ایک مثال بن جاتے ہیں۔ شفقت اور سنبل کی محبت کی داستان بھی آج کے اس مادیت پسند معاشرے میں خلوص اور چاہت کے زندہ ہونے کا ثبوت دیتی ہے۔
شفقت اور سنبل نے محبت کی شادی کی ،اپنی ازداوجی زندگی کا آغاز کرنے والے اس جوڑے کو نہیں معلوم تھا کہ قدرت ان کے ساتھ کیا کھیل کھیلنے والی ہے اور ان کا یہ ساتھ کچھ ہی عرصے پر محیط ہے۔ شادی کے محض ڈیڑھ سال بعد شفقت کی محبت اس کی جواں سالہ بیوی سنبل 2019 میں اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی۔ قدرت کی اس ناگہانی پر شفقت نے اپنی جیون ساتھی کو ہمیشہ کے لئے کھودیا۔
لیکن سنبل کی اس دنیا سے یوں اچانک رخصت ہوجانے کو شفقت نے اپنی کمزوری نہیں بنایا بلکہ انہوں نے اپنی مرحومہ بیوی کہ وہ تمام خواب پورے کرنے کی ٹھان لی جو ان دونوں نے مل کر دیکھے تھے۔
شفقت نے اپنی بیوی سنبل کے خوابوں کو پورا کر نے کے لئے کپڑوں کا ایک برانڈ متعارف کروایا جو ان دونوں کا مشترکہ پلان تھا۔
اس حوالے سے کپڑوں کے برانڈ کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر شفقت نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی اور سنبل کی ملاقات 2017 میں ہوئی جس کے بعد دونوں کو ایک دوسرے سے محبت ہوگئی اور انہوں نے شادی کرلی۔
انہوں نے کہا کہ یہ شادی دراصل دو ایک جیسے ذہنوں کا ملاپ تھی ۔ مستقبل کے حوالے سے ہم دونوں کا یہ خواب تھا کہ ملبوسات کا کاروبار شروع کریں گے، سنبل ہمیشہ سے یہ چاہتی تھی کہ پاکستانی فیشن انڈسٹری میں کچھ مختلف متعارف کروائے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ان کا یہ خواب پورا ہونے سے قبل ہی سنبل کی موت کا سانحہ رونما ہوگیا۔ تاہم سنبل کے اس دنیا سے چلے جانے کے بعد شفقت کو معلوم تھا کہ اسے اپنی اہلیہ کے وژن کو یادگار بنانے ہے اور اس کے لئے انہوں نے محنت کی اور بالاخر “سمبو “وارڈروب کے نام سے کپڑوں کا برانڈ متعارف کیا۔ ان کے برانڈ کا نام “سمبو “ ان کی اہلیہ سنبل کے نام سے ماخوذ ہے جس کے معنی “خدا کا تحفہ” ہے ۔ یہی وہ برانڈ جس کو متعارف کروانے کا منصوبہ انہوں نے مل کر بنایا تھا۔
اس انسٹا گرام پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ سمبو برانڈ ان دونوں کے خوابوں کی تکمیل ہے اور اس کے خوبصورت رنگ سنبل کی روح کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔مزید یہ بھی لکھا ہے کہ شفقت بذات خود اپنے برانڈ کے ہر کپڑے کو پورے احتیاط سے منتخب کرتے ہیں تاکہ لوگوں کو کسی بھی قسم کی شکایت کا سامنا نہ ہو ۔اپنی اس پوسٹ میں شفقت نے سمبو برانڈ منتخب کرنے پر لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
شفقت کی سنبل سے والہانہ محبت کا یہ انداز یہی ختم نہیں ہوا بلکہ انہوں نے سندھ کے شہر پنو عاقل میں “درس آگاہی سنبل “کے نام سے ایک مدرسہ بھی قائم کیا ہے جس میں مقامی بچوں کو اسلامی تعلیم دی جائے گی۔
قدرت کے کام بھی نرالے ہیں، ایک لاہور سے تعلق رکھنے والی سنبل وہ بھی تھی جسے اسی ہی کے شوہر نے ظلم وبربریت کا نشانہ بنا کر موت کی بھینٹ چڑھا دیا تھا اور ایک سنبل یہ ہے جس کے شوہر نے اپنی والہانہ محبت اور چاہت سے مرنے کے بعد بھی اس کا نام زندہ رکھا ہوا ہے۔
کراچی،14 اپریل 2025: پاکستان میں نفسیاتی تجزیاتی سوچ کو فروغ دینے کی ایک پرعزم کوشش…
سوئی سدرن گیس لمیٹڈ کمپنی نے رمضان المبارک میں گھریلو صارفین کیلیے گیس کی لوڈشیڈنگ…
کراچی سمیت سندھ بھر میں اس سال نویں اور دسویں جماعت کا شیڈول تبدیل کر…
فروری سال کا وہ مہینہ ہے جو محض 28 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے اور…
پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے چیمپئنز ٹرافی کے اگلے راؤنڈ تک جانے کا سفر مشکل ہوچکا…