پاکستانی نژاد امریکی فیزیشن ڈاکٹر عمر عتیق نے امریکن کالج آف فِزیشنز (اے سی پی) کے اگلے صدر کے لیے نامزد ہونے کا منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا۔ جنوری 2022 میں وہ بلامقابلہ امریکن کالج آف فزیشنز کے صدر منتخب ہوں گے۔
ڈاکٹر عمر عتیق اس عہدے پر فائز ہونے والے پہلے پاکستانی جبکہ دوسرے غیر ملکی میڈیکل گریجویٹ ہیں۔
واضح رہے کہ امریکن کالج آف فزیشنز، امریکا کی سب سے بڑی ماہر طب کی تنظیم ہے جس کے دنیا کے 145 سے زائد ممالک میں اراکین موجود ہیں، اے سی پی کے اراکین میں ایک لاکھ 54 ہزار انٹرنل میڈیسن فزیشنز (انٹرنسٹ)، متعلقہ ماتحت ماہرین اور میڈیکل کے طلبہ شامل ہیں۔
پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر عمر عتیق نے اپنی میڈیکل کی ڈگری پاکستان کی پشاور یونیورسٹی کے خیبر میڈیکل کالج سے حاصل کی تھی۔ بعدازاں شکاگو کی لوئولا یونیورسٹی کے ایڈورڈ ہائنز جونیئر ویٹرنز ایڈمنسٹریشن اسپتال اور فوسٹر جی میک گاؤ اسپتال میں ہاؤس جاب کی۔
اپریل 2019 میں ڈاکٹر عتیق کو اے سی پی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین کے طور پر نامزد کیا گیا، وہ 1993 سے اے سی پی کے فیلو ہیں، فیلوشپ ایک اعزاری عہدہ ہے جو میڈیسن کی پریکٹس میں جاری انفرادی خدمات اور شراکت کو تسلیم کرتا ہے۔ ڈاکٹر عمر عتیق آرکنساس ریاست کے میڈیکل بورڈ میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور اس سے قبل وہ آرکنساس میڈیکل سوسائٹی کے صدر بھی رہ چکے ہیں، وہ اے سی پی کے آرکنساس چیپٹر میں بطور گورنر چار سال خدمات بھی انجام دے چکے ہیں۔ ڈاکٹر عمر عتیق میڈیکل آنکولوجی (علم سرطان)، ہیماٹولوجی (خون کی بناوٹ کا علم) اور انٹرنل میڈیسن میں بورڈ سے سند یافتہ ہیں۔
اس کامیابی پر امریکا میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر عمر عتیق پاکستانی نژاد پہلے ڈاکٹر اور امریکی کالج آف فزیشنز کے صدر منتخب ہونے والے دوسرے بین الاقوامی میڈیکل گریجویٹ ہوں گے۔ ڈاکٹر عتیق کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستانی سفیر نے اسے پاکستانی امریکی کمیونٹی کے لیے ایک قابل فخر اور تاریخی لمحہ قرار دیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم اس شاندار پیشہ ورانہ کامیابی کو تسلیم کرتے ہیں اور اس کی تعریف کرتے ہیں۔
اس سے قبل ڈاکٹر عمر عتیق اس وقت خبروں کی زینت بنے تھے جب انہوں نے کرسمس کے موقع پر 200 کینسر کے مریضوں پر واجب الادا چھ لاکھ 50 ہزار ڈالرز ( یعنی دس کروڑ 46 لاکھ 45 ہزار320 پاکستانی روپے) کے بل ادا کئے تھے۔ یہ کینسر سینٹر امریکی ریاست آرکنساس میں ہے جہاں پرکیموتھراپی، ریڈی ایشن تھراپی اور دیگر طریقہ علاج سے مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس پاکستانی نژاد ماہر فلکیات ڈاکٹر نیرگس ماؤلوالہ نے ڈین مقرر ہونے پر ملک کا نام سربلند کیا۔انہیں امریکہ کی نامور یونیورسٹی میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) اسکول آف سائنس نے اپنانیاڈین مقرر کیا گیا۔ ایم آئی ٹی انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹر نیرگس اسکول آف سائنس کی ڈین کی حیثیت سے اس عہدے کا چارج سنبھالنے والی پہلی خاتون ہیں۔
کراچی،14 اپریل 2025: پاکستان میں نفسیاتی تجزیاتی سوچ کو فروغ دینے کی ایک پرعزم کوشش…
سوئی سدرن گیس لمیٹڈ کمپنی نے رمضان المبارک میں گھریلو صارفین کیلیے گیس کی لوڈشیڈنگ…
کراچی سمیت سندھ بھر میں اس سال نویں اور دسویں جماعت کا شیڈول تبدیل کر…
فروری سال کا وہ مہینہ ہے جو محض 28 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے اور…
پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے چیمپئنز ٹرافی کے اگلے راؤنڈ تک جانے کا سفر مشکل ہوچکا…