ہمایوں سعید نیٹ فلکس سیریز کیلئے کاسٹ ہونے والے پہلے پاکستانی اداکار بن گئے


1

مشہور ومعروف پاکستانی اداکار اور پروڈیوسر ہمایوں سعید یوں تو کسی تعارف کے محتاج نہیں، جہاں انہوں نے ایک طویل عرصے تک ملکی سطح پر اپنی فنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے وہیں اب وہ نامور بین الاقوامی ویب چینل نیٹ فلکس میں اپنی زبردست اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی انڈسٹری کے سپر اسٹار ہمایوں سعید کو لیڈی ڈیانا پر بننے والی نیٹ فلکس کی معروف سیریز “دی کراؤن” کے پانچویں سیزن کے لئے کاسٹ کرلیا گیا ہے، جس پر انہیں سوشل میڈیا پر خوب مبارکباد پیش کی جا رہی ہیں۔

Image Source: File

اس سلسلے میں خبریں زیر گردش ہیں کہ اداکار ہمایوں سعید دی کراؤن میں آنجہانی شہزادی ڈیانا کی مبینہ حقیقی محبت پاکستانی سرجن ڈاکٹر حسنات خان کا کردار ادا کریں گے۔ انہیں شہزادی ڈیانا مسٹر ونڈرفل کے نام سے پکارا کرتیں تھیں۔

اس کے برعکس اداکار ہمایوں سعید نے تاحال اس معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے، ان کی جانب سے کسی بھی قسم کی کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی یے۔ تاہم گزشتہ روز سینئر صحافی اور ڈان میگزین کے ایڈیٹر حسن زیدی کی جانب سے ٹوئٹر پیغام میں ہمایوں سعید کو نیٹ فلکس دی کراؤن سیزن 5 میں کاسٹ کئے جانے کا دعوی کیا۔

Image Source: Facts

حسن زیدی نے لکھا کہ ’بڑی بریکنگ: اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ نیٹ فلکس کی پروڈکشن ’دی کراؤن‘ میں ہمارے اپنے ہمایوں سعید بھی ہوں گے‘۔ وہ ڈاکٹر حسنات خان کا کردار ادا کریں گے جو لیڈی ڈیانا کے ’سچے پیار‘ تھے اور شہزادی انہیں ’مسٹر ونڈرفل‘ کہتی تھیں۔

اس موقع پر حسن زیدی نے مزید کہا کہ مذکورہ معلومات کو نیٹ فلکس کی جانب سے باقاعدہ طور پر جاری کئے جانے تک روکا ہوا تھا، لیکن قیاس آرائیاں عروج پر تھیں، یہ صرف وقت کی بات ہے۔ سیریز کے پبلسٹی نے پہلے ہی تصدیق کر دی ہے کہ کاسٹ لیک ہوگئی ہے۔

بعدازاں معروف صحافی حسن چوہدری نے ٹوئیٹر پر پیغام جاری کیا اور بتایا کہ ہمایوں سعید پہلے پاکستانی اداکار بن جائیں گے، جنہیں نیٹ فلکس اوریجنل میں کاسٹ کیا جائے گا۔ ساتھ ہی تصدیق کہ ہم انہیں ڈاکٹر حسنات خان کے کردار میں دیکھیں گے۔

جوں ہی سوشل میڈیا پر اداکار ہمایوں سعید سے متعلق یہ بڑی خبر سامنے آئی، تو مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے مبارکبادی پیغامات جاری کئے گئے اور ان کی اس کامیابی پر بےحد خوشی کا اظہار کیا گیا۔

ادکارہ ماہرہ خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے جہاں خوشی کا اظہار کیا وہیں لکھا کہ آخر کار سامنے آ ہی گیا، قابل فخر بات ہے‘۔ انہیں بےحد خوشی ہے۔

اداکارہ عائشہ عمر نے ہمایوں سعید کو منشن کرتے ہوئے ناصرف خوشی کا اظہار کیا بلکہ اسے اب تک کی زبردست خبر قرار دیا اور انہیں اس کامیابی پر خوب مبارکباد پیش کی۔

اداکار عدنان صدیقی لکھتے ہیں کہ میرے دوست (ہمایوں سعید) تم پر بہت فخر ہے، مجھے امید ہے کہ آپ اپنی اداکاری سے کردار میں نکھار لائیں گے۔

گلوکار علی ظفر نے بھی اداکار ہمایوں سعید کو اپنے ٹوئیٹر پیغام میں مینشن کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور لکھا کہ وہ اس کامبابی کے مستحق بھی ہیں۔

اس دوران اداکار واسع چوہدری، فریحہ الطاف, عثمان خالد بٹ اور دیگر نامور فنکاروں نے بھی اداکار کو نیٹ فلکس سیریز کا حصہ بننے پر خوب مبارکباد پیش کی۔

واضح رہے “دی کراؤن” ویب سیریز برطانوی شاہی خاندان پر بنائی جانے والی سیریز ہے، اس قبل اس کے چار سیزن ریلیز کیے جا چکے ہیں، سیریز کا پہلا سیزن 2016 میں جاری کیا گیا تھا، پہلے سیزن میں سال 1947 سے سال 1955 کے شاہی خاندان کا دور دکھایا گیا تھا، جس کی مرکزی کہانی ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوئم کی زندگی پر مبنی تھا۔

اس کے بعد “دی کراؤن” کا دوسرا سیزن 2017 میں ریلیز کیا گیا تھا جس کی کہانی سال 1956 سے سال 1964 کے عرصے کے دوران پیش آنے والے واقعات کے گرد گھومتی ہے۔

بعدازاں دی کراؤن‘ سیریز کا تیسرا سیزن نومبر 2019 میں ریلیز ہوا تھا، اس میں سال 1964 سے سال 1977 کا دور دکھایا گیا تھا۔ جبکہ سیریز کا چوتھا سیزن نومبر 2020 میں ریلیز ہوا، جس میں سال 1977 سے لیکر سال 1988 تک کا دور دکھایا گیا۔

مزید پڑھیں: آپ مجھ سے اگلے جنم میں شادی کریں گے؟ بھارتی مداح کا ہمایوں سعید کو پیغام

مذکورہ سیزن میں لیڈی ڈیانا سمیت پہلی برطانوی خاتون وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر سمیت کئی نئے کردار بھی دکھائے گئے تھے۔

خیال رہے نیٹ فلیکس کی جانب سے دی کراؤن کے پانچویں سیزن کی ریلیز کی کوئی حتمی تاریخ نہیں جاری کی گئی ہے، البتہ ماہرین کا ماننا ہے کہ آنے والے سیزن میں سال 1988 سے لیکر سال 1999 تک کا دور دکھایا جاسکتا ہے، البتہ یہ ابھی تک بس قیاس آرائیوں پر مبنی باتیں ہیں۔


Like it? Share with your friends!

1

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *